کاروبار

وفاقی حکومت نے چینی کی درآمد کیلئے ایک اور ٹینڈر جاری کر دیا

ٹریڈنگ کارپوریشن نے 23 ستمبر تک بولیاں طلب کرلیں، 25 ہزار ٹن سے کم کی بولیاں منظور نہیں کی جائیں گی۔

وفاقی حکومت نے چینی کی درآمد کے لیے ایک اور ٹینڈر جاری کر دیا۔

ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان (ٹی سی پی) نے ایک لاکھ میٹرک ٹن چینی کی درآمد کے لیے ایک اور ٹینڈر جاری کر دیا۔

ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان نے 23 ستمبر تک بولیاں طلب کرلیں، ٹینڈر دستاویز کے مطابق بولیاں 23 ستمبر کو ہی کھولی جائیں گی۔

دستاویز کے مطابق درآمد کے لیے 25 ہزار ٹن سے کم کی بولیاں منظور نہیں کی جائیں گی۔

واضح رہے کہ 8 ستمبر کو ٹی سی پی کو ایک لاکھ میٹرک ٹن چینی درآمد کے لیے کھولے گئے ٹینڈر میں گزشتہ ٹینڈر کے مقابلے میں کم ریٹ پر بولیاں موصول ہوئیں تھیں، ٹی سی پی کو ٹینڈر کے تحت کم سے کم بولی 545 ڈالر فی میٹرک ٹن ملی تھی۔

ٹی سی پی کی رپورٹ میں آگاہ کیا گیا تھا کہ 8 ستمبر کو کھولے گئے ٹینڈر میں مجموعی طور پر 5 بولیاں موصول ہوئیں، جن میں فی میٹرک ٹن نرخ 545 سے 578.50 ڈالر تک موصول ہوئے تھے۔

رپورٹ کے مطابق سب سے کم بولی سوسڈن مڈل ایسٹ (یو اے ای) کی جانب سے 545 ڈالر فی میٹرک ٹن دی گئی تھی۔

یاد رہے کہ وفاقی کابینہ نے رواں سال جولائی میں 5 لاکھ میٹرک ٹن چینی درآمد کرنے کی منظوری دی تھی، جو سرکاری سطح پر ٹی سی پی کے ذریعے درآمد کی جا رہی ہے، حکومت نے چینی کی درآمد پر ٹیکسوں کی رعایت بھی دی ہوئی ہے۔