کراچی: تیز رفتار گاڑی کی 2 موٹرسائیکلوں کو ٹکر، 3 افراد جاں بحق، ایک زخمی
کراچی میں سپر ہائی وے پر خوف ناک ٹریفک حادثے میں 3 افراد جاں بحق اور ایک شہری زخمی ہوگیا۔
ڈان نیوز کے مطابق سپر ہائی وے پر گڈاپ کے قریب تیز رفتار گاڑی ڈرائیور سے بے قابو ہوکر 2 موٹر سائیکلوں سے جاٹکرائی، حادثے میں موٹرسائیکلوں پر سوار 3 افراد موقع پر دم توڑ گئے، جب کہ ایک شخص زخمی ہوا ہے۔
یاد رہے کہ شہر قائد میں ٹریفک حادثات معمول ہیں، جہاں ہر روز حادثات ہوتے رہتے ہیں، زیادہ تر حادثات تیز رفتاری، ٹریفک قوانین کی پابندی نہ کرنے اور ڈرائیورز کی غفلت کے باعث پیش آتے ہیں۔
اس سے قبل تواتر سے ہیوی ٹریفک سے حادثات رپورٹ ہوتے رہے، جس کے بعد حکومت سندھ نے کراچی میں ہیوی ٹریفک کے اوقات کار اور موٹرسائیکل سواروں کے لیے قوانین میں سختی کر دی تھی، جس کے بعد حادثات میں نمایاں کمی آئی ہے، تاہم ہیوی ٹریفک سے حادثات کے اکا دکا واقعات اب بھی رپورٹ ہورہے ہیں۔