پاکستان

کراچی: شادی کے روز گھر سے سیلون جانے والا دلہا لاپتا، مقدمہ درج

جہانزیب کی 11 ستمبر کو بارات تھی، موبائل فون گھر چھوڑ کر سیلون کیلئے نکلا لیکن وہاں نہیں پہنچا، بیٹے کو اغوا کیا گیا ہے، والد کا دعویٰ

کراچی کے علاقے کورنگی میں شادی کے روز گھر سے تیاری کے لیے سیلون جانے والا دلہا لاپتا ہوگیا، نوجوان جہانزیب کی گمشدگی کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق کورنگی کے علاقے مدینہ کالونی کے رہائشی جہانزیب کی 11 ستمبر کو بارات جانی تھی، نوجوان شادی کے روز تیاری کے لیے سیلون گیا تھا اور جاتے ہوئے اپنا موبائل فون گھر پر چھوڑ کرگیا تھا۔

تاہم بھائی کو شام ساڑھے 7 بجے سیلون سے فون کال آئی اور بتایا گیا کہ جہانزیب سیلون نہیں پہنچا، دلہے کے والد نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے بیٹے کو اغوا کیا گیاہے۔

پولیس کے مطابق جہانزیب نجی فیکٹری میں کام کرتا ہے، مقدمہ درج کرکے نوجوان کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔