سینئر صحافی سید محمد صوفی انتقال کرگئے
سینئر اسپورٹس جرنلسٹ سید محمد صوفی طویل علالت کے بعد 80 سال کی عمر میں کراچی میں انتقال کر گئے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سمیت سابق کھلاڑیوں اور صحافیوں نے سید محمد صوفی کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا۔
پی سی بی کی جانب سے جاری پیغام میں کہا گیا ’پاکستان کرکٹ بورڈ کی انتظامیہ اور عملہ سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتا ہے اور دعا گو ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے‘۔
وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بھی ایک بیان میں صوفی کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا۔
قومی ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے بھی محمد صوفی کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے انہیں ’بہترین شخصیت کے مالک“ کے طور پر یاد کیا۔
انہوں نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر لکھا کہ صوفی ہمیشہ کھیل کی بہتری اور فروغ اور کھلاڑیوں کی فلاح کے لیے آواز بلند کرتے رہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ذاتی طور پر بھی وہ ہمیشہ میرے بہت حامی رہے, ان کا انتقال پاکستان میں اسپورٹس جرنلزم کے ایک عظیم باب کے اختتام کی علامت ہے‘۔
اسی طرح اسپورٹس جرنلسٹ فیضان لاکھانی نے بھی صوفی کے انتقال کو ’ایک عہد کا خاتمہ‘ قرار دیا۔
انہوں نے ایکس پر لکھا کہ سید محمد صوفی نے 60 برس تک اس شعبے میں انتھک خدمات سر انجام دیں اور کئی نسلوں کے صحافیوں کی رہنمائی اور تربیت کی، یہ ایک بہت بڑا نقصان ہے۔ اللہ مرحوم کی مغفرت فرمائے۔
جیو نیوز کے مطابق، صوفی نے کئی میڈیا اداروں کے ساتھ کام کیا، جن میں جیو نیوز اور روزنامہ جنگ شامل ہیں، جہاں وہ 30 سال سے زائد عرصے تک وابستہ رہے۔