سابق عالمی چیمپئن باکسر رکی ہیٹن 46 برس کی عمر میں انتقال کر گئے
سابق برطانوی باکسر رکی ہیٹن 46 سال کی عمر میں انتقال کر گئے ہیں۔
خبر رساں اداے ’رائٹرز‘ کے مطابق برطانوی نشریاتی ادارے ’بی بی سی‘ نے بتایا کہ لائٹ ویلٹر ویٹ اور ویلٹر ویٹ کیٹیگریز میں ٹائٹلز جیتنے والے سابق عالمی چیمپئن باکسر رکی ہیٹن انتقال کر گئے ہیں۔
رکی ہیٹن نے انٹرنیشنل مقابلوں سے 2012 میں ریٹائرمنٹ لے لی تھی تاہم سابق باکسر نے رواں برس کے آخر میں دبئی میں شیڈول ایک ایونٹ میں واپسی کا اعلان کر رکھا تھا۔
گریٹر مانچسٹر پولیس نے ایک بیان میں بتایا کہ اتوار (14 ستمبر) کی صبح ہائیڈ کے علاقے میں مکان سے ایک لاش برآمد ہوئی، ترجمان پولیس کے مطابق سابق عالمی چیمپئن کی موت کو مشکوک قرار نہیں دیا جا رہا۔
رکی ہیٹن نے اپنےکیریئر میں 48 مقابلوں میں سے 45 میں کامیابی حاصل کی، تاہم ریٹائرمنٹ کے بعد کے برسوں میں انہوں نے کئی بار خودکشی کی کوششوں کا بھی اعتراف کیا اور کھلے عام ڈپریشن، شراب نوشی اور منشیات کی لت کے بارے میں گفتگو کی۔
2016 میں بی بی سی ریڈیو سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا تھا کہ میری شراب نوشی قابو سے باہر ہو رہی تھی اور وہی مجھے منشیات تک لے گئی، یہ بالکل ایک بے قابو ریل گاڑی کی طرح تھا۔
رکی ہیٹن کا سب سے بہترین مقابلہ 2005 کا تھا جب انہوں نے آسٹریلیا کے کوستیا زو کو شکست دے کر آئی بی ایف لائٹ ویلٹر ویٹ ٹائٹل جیتا تھا۔
سابق باکسر اپنے انٹرنیشنل کیریئر کے ابتدائی 43 مقابلوں میں ناقابل شکست رہے تھے،2007 میں لاس ویگاس میں فلائیڈ میویدر جونیئر نے انہیں ناک آؤٹ نہیں کیا جس کے بعد وہ پہلے کی طرح پرفارمنس نہ دے سکے۔