چیئرمین علما کونسل کی قطر پر اسرائیلی حملے کی مذمت
چیئرمین علما کونسل نے قطر پر اسرائیلی حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دشمن ایک ایک کرکے مسلم ملکوں کو نشانہ بنارہا ہے، اس وقت امت مسلمہ کے اتحاد کی ضرورت ہے۔
لاہور میں پیغام رحمۃ للعالمین صلی اللہ علیہ وسلم کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حافظ طاہر اشرفی کا کہنا تھا کہ اس امت کا کوئی لیڈر نہیں، کوئی لیڈر ہوتا تو ہمارا یہ حال نہ ہوتا، اللہ اس امت کو کوئی ایک قائد دے دیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے رویے اتنے سخت ہو چکے ہیں کے ہم آپس میں بیٹھ کر 5 منٹ بات نہیں کر سکتے، جس امت کے فلسطینی بچوں کا قتل ہو رہا ہو اس کو یہ سوچنا چاہئے اس کو ٹھیک کیسے کرنا ہے۔
انہوں نے قطر پر اسرائیل کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دشمن ایک ایک کر کے مسلم ممالک پر حملہ کر رہا ہے، پوری امتِ مسلمہ کے اتحاد کی ضرورت ہے جب کہ اسرائیل نے پاکستان پر بھی حملہ کیا، بھارت نے جو 82 ڈرونز بھیجے اسرائیل کے تھے۔
چیئرمین علماء کونسل پاکستان طاہر اشرفی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ افواج پاکستان کے متعلق باتیں کرنے والوں کو سمجھ آگیا ہوگا کہ بہادر افواج کی بدولت مودی جھکنے پر مجبور ہوا جب کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ روز اعلان کرتا ہے کہ میں نے صلح کروائی اور انڈیا کے 7 طیارے گرے۔
طاہر اشرفی نے مزید کہا کہ میرے افغانستان کے بھائیوں ہم نے آپ کے لئے بہت ساری قربانیاں دی ہیں، ہماری قوم نے آپ کو روسیوں سے بچانے کے لئے شہادتیں دیں، اب آپ کو فیصلہ کرنا ہو گا کہ آپ کب رکیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم آپ کا احترام کرتے ہیں، آپ ہمارے بھائی ہیں لیکن اب بس کریں،آج افغانستان سے براہ راست کہتا ہوں کے کب تک آپ کے لوگ ہمارے ملک میں آ کر ہمارے لوگوں کو شہید کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر آپ سے یہ خوارج نہیں سنبھالے جاتے تو پاکستان فوج کو اجازت دیں ہم سنبھال لیں گے۔