پاک-بھارت میچ: کراچی پولیس نے ہوائی فائرنگ کرنے والوں کو خبردار کردیا
پاک بھارت میچ کے لیے شائقین کے جوش و خروش کےپیش نظر کراچی میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ہوائی فائرنگ کے خلاف سخت انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسا کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
کراچی کے ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس (اے آئی جی) جاوید عالم اوڈھو نے شہر بھر کے تمام سینئر پولیس افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے سخت اقدامات کریں۔ آج ان کے دفتر سے جاری کردہ ایک بیان میں اے آئی جی نے زور دیا کہ کسی بھی صورت میں ہوائی فائرنگ برداشت نہیں کی جائے گی۔
اے آئی جی کی جانب سے مزید کہا گیا کہ ’ جو لوگ اس غیر قانونی عمل میں ملوث پائے گئے، انہیں فوری طور پر گرفتار کیا جائے گا، قانونی کارروائی ہوگی اور قانون کے مطابق مکمل طور پر مقدمہ چلایا جائے گا۔’
کراچی پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ذمہ داری کے ساتھ جشن منائیں اور کسی بھی قسم کی ہوائی فائرنگ سے گریز کریں۔ حکام نے خبردار کیا ہے کہ ہوائی فائرنگ نہ صرف قانون کے تحت جرم ہے بلکہ اس سے جانی نقصان اور زخمی ہونے کے امکانات بھی بڑھ جاتے ہیں۔
شہریوں پر زور دیا گیا ہے کہ اگر وہ ہوائی فائرنگ کا کوئی واقعہ دیکھیں تو فوراً پولیس ہیلپ لائن 15 پر اطلاع دیں۔
ایک پولیس ترجمان نے کہا کہ’ شہر میں امن و امان قائم رکھنے کے لیے عوام کا تعاون انتہائی ضروری ہے۔’
پاک بھارت کرکٹ میچ ہمیشہ بڑا ایونٹ ہوتا ہے، لیکن آج کے ایشیا کپ مقابلے میں ان دو ایٹمی طاقت ہمسایہ ممالک کے درمیان جذبات اور بھی زیادہ ہوں گے، جن کے درمیان اس سال کے اوائل میں چار دن کی فوجی جھڑپ بھی ہوئی تھی۔
مئی میں ہونے والی جھڑپوں سے قبل، جو تقریباً مکمل جنگ میں بدلنے والی تھیں، دو طرفہ کرکٹ تعلقات پہلے ہی معطل تھے۔ اب یہ روایتی حریف ایک دوسرے کے خلاف صرف ملٹی ٹیم ٹورنامنٹس میں کھیلتے ہیں۔
حالیہ جھڑپوں کے بعد سیاسی تعلقات مزید خراب ہو گئے ہیں، اور کئی سابق بھارتی کھلاڑیوں نے بھارتی کرکٹ بورڈ سے اس میچ کے بائیکاٹ کا مطالبہ کیا ہے جو دونوں ٹیموں کے درمیان حالیہ کشیدگی کے بعد پہلا مقابلہ ہوگا۔