’ننھا فرشتہ ہم سے دور چلا گیا‘، عمر شاہ کی موت پر شوبز شخصیات بھی افسردہ
پاکستان کے ننھے سوشل میڈیا اسٹار عمر شاہ جو اپنے بڑے بھائی احمد شاہ کے ہمراہ گیم شو ’جیتو پاکستان‘ اور رمضان ٹرانسمیشن ’شانِ رمضان‘ میں نظر آتے تھے پیر کے روز اچانک انتقال کر گئے، ان کی اچانک وفات نے نہ صرف مداحوں بلکہ شوبز شخصیات کو بھی غمگین کر دیا ہے۔
احمد شاہ نے انسٹاگرام پر اپنے چھوٹے بھائی کی وفات کا اعلان کرتے ہوئے مداحوں سے درخواست کی کہ وہ عمر کو یاد رکھیں اور اُن کے خاندان کے لیے دعائیں کریں۔
میزبان وسیم بادامی کے مطابق عمر شاہ کو الٹی ہوئی تھی جو پھیپھڑوں میں چلی گئی، جس کے باعث آکسیجن کا نظام متاثر ہوا اور دل اور خون کی شریانوں کے نظام کے رکنے (Cardiovascular Arrest) کے باعث ان کا انتقال ہوا۔
ننھے عمر کی اچانک موت نے پاکستان بھر میں مداحوں کے ساتھ ساتھ شوبز شخصیات کو بھی افسردہ کر دیا۔
اداکار عدنان صدیقی نے عمر کے ہمراہ تصویر شیئر کرتے ہوئے انہیں روشنی، خوشی اور معصومیت کی کرن قرار دیا اور لکھا کہ ننھے عمر کی وفات کی خبر سن کر وہ ٹوٹ گئے ہیں۔
اداکار اعجاز اسلم نے عمر کو ننھے فرشتے کے طور پر یاد کیا اور کہا کہ وہ ایک روشن اور مہربان روح تھے جو اپنی معصوم حرکتوں سے جیتو پاکستان میں سب کے چہروں پر مسکراہٹ لاتے تھے۔
اداکارہ حنا الطاف اور شائستہ لودھی نے بھی اس افسوسناک خبر پر دکھ کا اظہار کیا۔
اداکارہ مومل شیخ اور ماہرہ خان بھی عمر کی اچانک موت پر دل شکستہ ہوگئیں۔
مارننگ شو کی میزبان ندا یاسر نے عمر کے ہمراہ تصویر شیئر کرتے ہوئے ان کی مغفرت کے لیے دعا کی۔
ٹی وی میزبان اقرار الحسن نے انسٹاگرام پر لکھا کہ شانِ رمضان کی جان اور ہم سب کا بہت پیارا عمر اپنے رب کی جانب واپس لوٹ گیا ہے، رات قے ہوئی جس کا پانی ننھے پھیپڑوں میں جانے سے سانس بند ہوا، دعا کیجیے کہ پروردگار اس کے اہلِ خانہ اور ہم سب کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔