کھیل

ایشیا کپ: پاکستانی ٹیم سے ہاتھ نہ ملانے پر بھارتی کرکٹرز پر اپنوں کی تنقید

بھارتی کرکٹرز نے نسل پرستانہ رویہ اختیار کیا، ہاتھ نہ ملانے کے معاملے پر قوم کو بے وقوف بنایا جارہا ہے، اقدام کھیل کی روح کے منافی ہے، روش کمار اور دیگر مبصرین کا ردعمل

کرکٹ ایشیا کپ 2025 میں پاک بھارت میچ کے دوران پاکستانی ٹیم سے مصافحہ نہ کرنے پر بھارتی ٹیم اور حکومت کے خلاف ملک کے اندر سے آوازیں اٹھنے لگیں، سینئر صحافیوں نے بھارتی کپتان کی حرکت کو کھیل کی روح کے منافی قرار دے دیا۔

بھارت کے سینیئر صحافی اور ٹی وی ایڈیٹر روِش کمار کا کہنا ہے کہ ہاتھ نہ ملانے کے معاملے پر قوم کو بے وقوف بنایا جارہا ہے۔

روش کمار نے کہا کہ پہلے کہا گیا کھیل اور سیاست الگ ہے اس لیے میچ کھیلنا چاہیے لیکن پھر اسی میچ میں سیاست کو گھسیٹ کر ہاتھ نہیں ملایا گیا، حکومت اور بورڈ میچ سے پیسہ کما کر عوام کو بے وقوف بنا رہے ہیں۔

معروف براڈ کاسٹر اشش رائے نے بھی اسے نسل پرستی سے تشبیہ دی اور کہا کہ یہ کھیل کی روح کے خلاف ہے۔

سینیئر صحافی راجدیپ سردیسائی نے کہا کہ یا تو پاکستان سے میچز نہ کھیلیں اور اگر کھیلنا ہی ہے تو کھیل کی اسپرٹ کو برقرار رکھیں۔

یاد رہے کہ 2 روز قبل ایشیا کپ میں پاکستان کو شکست دینے کے بعد بھارتی ٹیم نے اسپورٹس مین اسپرٹ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پاکستانی کھلاڑیوں سے مصافحہ نہیں کیا تھا۔

ترجمان پاکستان ٹیم کے مطابق ٹاس کے وقت بھی میچ ریفری نے کپتانوں سے ہاتھ نہ ملانے کی درخواست کی تھی۔

بعد ازاں، پاکستانی کپتان سلمان علی آغا نے بھی بھارتی رویے کے خلاف اختتامی تقریب میں احتجاجاً شرکت نہیں کی۔

علاوہ ازیں، بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو کھیل میں سیاست کو لے آئے، پاکستان کے خلاف جیت کو پہلگام واقعے کے نام کر دیا تھا۔

پوسٹ میچ پریزنٹیشن میں سوریا کمار یادیو نے کرکٹ قوانین کی دھجیاں بکھیرتے ہوئے کہا کہ ’آج کی جیت کو پہلگام واقعے کے نام کرتا ہوں، یہ بھارتی فوج کے لیے ہماری طرف سے تحفہ ہے‘۔