پاکستان

جولائی میں بڑی صنعتوں کی پیداوار 8.99 فیصد بڑھ گئی

سالانہ بنیادوں پر فرنیچرکے شعبہ کی پیداوار میں 86.79 فیصد کا اضافہ ہوا، جبکہ آٹوموبائلز کے شعبےکی پیداوار سالانہ بنیادوں پر 57.80 فیصد بڑھی، ادارہ شماریات

رواں مالی سال 2026کے پہلے مہینے جولائی میں بڑی صنعتوں کی پیداوار سالانہ بنیادوں پر 8.99 فیصد بڑھ گئی۔

ادارہ شماریات نے بڑی صنعتوں کی پیداوار کا ڈیٹا جاری کردیا، اعداد و شمار کے مطابق بڑی صنعتوں کی پیداوار میں ماہانہ اور سالانہ بنیادوں پر اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

پاکستان ادارہ شماریات کے مطابق جولائی 2025 میں بڑی صنعتوں کی پیداوار میں سالانہ بنیادوں پر 8.99 فیصد اور ماہانہ بنیادوں پر 2.60 فیصد اضافہ بڑھی۔

جولائی میں سالانہ بنیادوں پر فرنیچرکے سیکٹر کی پیداوار میں 86.79 فیصد کا اضافہ ہوا، آٹوموبائلز کے شعبےکی پیداوار سالانہ بنیادوں پر 57.80 فیصد بڑھی۔

اعداد و شمار کے مطابق جولائی میں گارمنٹس کی پیداوار 24.79 فیصد، سیمنٹ سیکٹر کی پیداوار 18.75 فیصد بڑھی۔

اسی طرح جولائی 2025 میں پیٹرولیم مصنوعات کی پیداوار میں 13.18 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ شعبہ فوڈ کی پیداوار سالانہ بنیادوں پر 6.63 فیصد بڑھی۔

ادارہ شماریات کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے مہینے کے دوران سالانہ بنیادوں پر مشروبات، کیمیکل، مشینری اور آلات کی پیداوار کم ہوئی۔