غزہ میں اسرائیلی فورسز کے بدترین حملے جاری، مزید 75 فلسطینی شہید
غزہ کے نہتے شہریوں پر اسرائیلی قابض فورسز کے بدترین حملوں کا سلسلہ جاری ہے، آج بھی مزید 75 فلسطینی شہید ہوگئے۔
قطر کے نشریاتی ادارے ’الجزیرہ‘ کی رپورٹ کے مطابق غزہ کے مختلف علاقوں میں آج دن بھر ہونے والے مختلف حملوں میں کم از کم مزید 75 فلسطینی شہید ہو گئے ہیں، جس کے بعد غزہ میں گزشتہ 2 برسوں کے دوران شہادتوں کی تعداد 65 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ ایک لاکھ 65 ہزار 697 شہری زخمی بھی ہوئے ہیں۔
مقامی طبی ذرائع نے بتایا کہ الشفا ہسپتال کے قریب اسرائیلی حملے میں 13 افراد شہید ہوئے، جب کہ متعدد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 7 امداد کی متلاشی معصوم شہریوں کی لاشیں اور 87 افراد کو مختلف ہسپتالوں میں پہنچایا گیا۔
الجزیرہ کے مطابق غزہ میں بھوک اور غذائی قلت کے باعث مزید 4 افراد شہید ہو گئے ہیں، جس کے بعد اسرائیلی کے پیدا کردہ بھوک کے بحران سے شہید ہونے والوں کی تعداد 432 ہوگئی ہے، جن میں 146 بچے بھی شامل ہیں۔
ادھر، فلسطینی سرکاری خبر ایجنسی ’وفا‘ کے مطابق قابض افواج نے مغربی کنارے کے شہر رام اللہ میں 2 فلسطینیوں کو گرفتار کیا ہے، ایجنسی نے مزید بتایا کہ اسرائیلی چھاپے کے دوران ایک گاڑی بھی ضبط کر لی گئی ہے۔