جولائی میں مرکزی حکومت کے قرضوں میں 350 ارب روپے کا مزید اضافہ
وفاقی حکومت کے قرضوں کے تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے، رواں مالی سال کے پہلے مہینے جولائی میں مرکزی حکومت کے قرضوں میں 350 ارب روپے کا مزید اضافہ ہوگیا جس کے بعد وفاقی حکومت کےقرضے بڑھ کر ریکارڈ 78 ہزار 238 ارب روپے ہوگئے، جولائی 2025 تک کے ایک سال کے دوران وفاقی حکومت کے قرضوں میں 8 ہزار 615 ارب روپےکا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے جولائی 2025 تک کے وفاقی حکومت کے قرضوں کے اعداد و شمار جاری کردیے۔
اسٹیٹ بینک کی دستاویز کے مطابق اگست 2024 سے لے کر جولائی 2025 کے ایک سال کے دوران وفاقی حکومت کے قرضوں میں 8 ہزار 615 ارب روپے جبکہ جون 2025 کے مقابلے میں جولائی 2025 کے ایک مہینے میں مرکزی حکومت کے قرضوں میں 350 ارب روپے کا اضافہ ہوا۔
اسٹیٹ بینک کی دستاویز کے مطابق جولائی 2025 تک کے ایک سال میں وفاقی حکومت کے مقامی قرضے میں7 ہزار 272 ارب اور بیرونی قرضے میں ایک ہزار 343 ارب روپے کا اضافہ رکارڈ کیا گیا۔
دستاویز کے مطابق جولائی 2025 تک وفاقی حکومت کے قرضوں کا حجم 78 ہزار 238 ارب روپے رہا جس میں مقامی قرضہ 54 ہزار 988 ارب روپے اور بیرونی قرضے کا حصہ 23 ہزار 250 ارب روپے رہا۔
دستاویزکے مطابق جون 2025 تک وفاقی حکومت کے قرضے 77 ہزار 888 ارب روپے اور جولائی 2024 تک وفاقی حکومت کے قرضوں کا حجم 69 ہزار 623 ارب روپے تھا۔