پاکستان

پنجاب: شعبہ صحت میں عملے کی کمی پورا کرنے کیلئے طبی ماہرین تعینات کرنے کا فیصلہ

طبی ماہرین عارضی بنیادوں پر بھرتی کیے جائیں اور نوکری مستقل کرنے کے لیے درخواست نہیں کرسکیں گے، پنجاب لوکم ہائیرنگ ایکٹ 2025 کے تحت بھرتی کیلئے کمیٹی تشکیل دی جائے گی

حکومت پنجاب نے شعبہ صحت میں عملے کی کمی کو پورا کرنے کے لیے عارضی بنیادوں پر طبی ماہرین بھرتی کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

ڈان نیوز کے مطابق صوبے میں عارضی بنیادوں پر طبی ماہرین بھرتی کرنے کے لیے پنجاب اسمبلی کے حالیہ اجلاس میں پنجاب لوکم ہائیرنگ ایکٹ 2025 پیش کیا گیا جسے متعلقہ کمیٹی کے حوالے کردیا گیا جو دو ماہ میں رپورٹ پیش کرے گی۔

بل کے تحت لوکم پالیسی کمیٹی بنائی جائے گی، جو صحت کے شعبے میں عملے کی کمی کی نشاندہی کرے گی۔

بل کے متن کے مطابق کمیٹی طبی عملے کی عارضی بھرتی کے ٹی او آرز بھی طے کرے گی، اور بھرتی شفاف طریقے سے کی جائے گی۔

بل میں کہا گیا ہے کہ بھرتی سے قبل کم سے کم 2 اخبارات میں اشتہار دینا لازم ہوگا، اشتہارات میں بھرتی کا تمام تر طریقہ کار واضع کیا جائے گا۔

بل کے مطابق عارضی بنیادوں پر بھرتی ہونے والے مستقل نوکری کی استدعا نہیں کر سکیں گے، جبکہ عارضی بھرتیوں کی مدت بڑھانے یا ختم کرنے کا اختیار پالیسی کمیٹی کے پاس ہوگا۔

پنجاب لوکم ہائیرنگ ایکٹ 2025 کے مطابق اس بل کا مقصد شعبہ صحت میں عملے کی کمی پوری کرنا ہے۔