کھیل

محمد نبی سے آخری اوور میں 5 چھکے کھانے والے سری لنکن اسپنر کے والد چل بسے

سری لنکن آل راؤنڈ کو میچ ختم ہونے کے بعد والد کے انتقال کی خبر دی گئی، افغان آل راؤنڈر محمد نبی خبر سن کر سکتے میں آگئے۔

سری لنکن آل راؤنڈر دنتھ ویلالاگے کے والد سورنگا ویلالاگے جمعرات کو سری لنکا اور افغانستان کے درمیان میچ کے دوران انتقال کر گئے۔

کھیلوں کی ویب سائٹ کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق سری لنکن آل راؤنڈر کو والد کے انتقال کی خبر میچ ختم ہونے کے بعد دی گئی۔

آخری اوور میں دنتھ ویلالاگے کو 5 چھکے رسید کرنے والے افغان آل راؤنڈر محمد نبی بولر کے والد کے انتقال کی خبر سن کر سکتے میں آگئے۔

جمعرات کو دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا نے 6 وکٹوں سے کامیابی حاصل کر کے سپر فور مرحلے کے لیے کوالیفائی کیا۔

سری لنکن آل راؤنڈر کو والد کے انتقال کی خبر میچ کے بعد دی گئی، سوشل میڈیا پر وائرل تصاویر میں سری لنکن ٹیم کے ہیڈ کوچ سنتھ جیسوریا کو دنتھ ویلالاگے سے تعزیب کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے، آل راؤنڈر میچ کے فوراً بعد وہ اپنے وطن روانہ ہو گئے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ایک ویڈیو کے حوالے سے دعویٰ کیا جارہا ہے کہ میچ کے بعد ہوٹل روانگی کے دوران ایک صحافی نے افغان آل راؤنڈر محمد نبی کو سری لنکن آل راؤنڈ کے والد کے انتقال کی خبر سے آگاہ کیا تو وہ سکتے میں آگئے۔

یہ صدمہ اس بات پر سوالیہ نشان ڈالتا ہے کہ آیا ویلالاگے ایشیا کپ میں مزید شرکت کریں گے، جہاں سری لنکا کو کم از کم مزید 3 میچز کھیلنے ہیں، سری لنکن ٹیم 20 ستمبر کو بنگلادیش ، 23 ستمبر کو پاکستان اور 26 ستمبر کو بھارت کا مقابلہ کرے گی۔

جمعرات کا میچ افغانستان کے خلاف ویلالاگے کا محض پانچواں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل اور اس ٹورنامنٹ میں پہلا میچ تھا، وہ اب تک 31 ون ڈے انٹرنیشنلز کھیل چکے ہیں، اگست 2024 میں بھارت کے خلاف کولمبو میں تیسری ون ڈے میں 27 رنز کے عوض 5 وکٹیں ان کے کیریئر کی اب تک کی بہترین کارکردگی ہے۔

اس سے قبل انہوں نے 2023 کے ایشیا کپ میں بھارت کے خلاف 40 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کی تھیں، جب ٹورنامنٹ ون ڈے فارمیٹ میں کھیلا گیا تھا، وہ اس ایونٹ میں 10 وکٹیں لے کر اوسط 17.90 کے ساتھ دوسرے نمایاں باؤلر رہے تھے۔