لائف اسٹائل

بیلا حدید ’لائم‘ بیماری کی وجہ سے ہسپتال داخل

لائم بیماری کو شدید اعصابی (نیورولاجیکل) بیماری میں شمار کیا جاتا ہے، بیلا حدید کی والدہ اور بھائی بھی اس میں مبتلا ہیں۔

فلسطینی نژاد امریکی سپر ماڈل بیلا حدید کو ان کی موروثی بیماری ’لائم‘ کی وجہ سے ہسپتال داخل کرادیا گیا۔

بیلا حدید نے چند دن قبل انسٹاگرام پر ہسپتال سے تصاویر شیئر کی تھیں، تاہم انہوں نے بیماری سے متعلق کچھ نہیں بتایا تھا۔

ماڈل کی جانب سے شیئر کی گئی تصاویر میں بیلا حدید کو آبدیدہ بھی دیکھا گیا جب کہ انہیں ہسپتال کے بستر اور متعدد طبی آلات کے ساتھ بھی دیکھا گیا۔

بعد ازاں بیلا حدید کی والدہ نے بیٹی کی بیماری سے متعلق بتاتے ہوئے لکھا کہ ان کی بیٹی کافی عرصے سے بیماری سے لڑ رہی ہیں اور انہیں یقین ہے کہ وہ صحت یاب ہوکر اپنے درد اور بیماری کی کہانی خود دنیا کو بتائیں گی۔

انہوں نے بتایا کہ بیلا حدید ’لائم ڈیزیز‘ کا شکار ہیں اور یہ کہ ان کی بیماری تکلیف دہ ہے، وہ بطور ماں اپنی بیٹی کی تکلیف نہیں دیکھ سکتیں۔

والدہ بیلا حدید نے لکھا کہ وہ خود بھی ’لائم ڈیزیز‘ کا شکار ہیں اور تاحال وہ علاج کرواتی ہیں لیکن انہوں نے اپنے بچوں کو طاقت اور ہمت دینے کی خاطر اپنی بیماری پر بات کرنا چھوڑ دی تھی۔

انہوں نے لکھا کہ اب وہ اپنی بیماری اور تکلیف کو بھول کر اپنے بچوں کی تکلیف کے لیے فکر بند ہیں لیکن انہیں امید ہے کہ ان کی بیٹی جلد صحت یاب ہوکر دنیا کو اپنی کہانی خود بتائیں گی۔

خیال رہے کہ بیلا حدید، ان کی والدہ یولندا اور بھائی انور حدید میں 2012 میں ’لائم ڈیزیز‘ کی تشخیص ہوئی تھی، تب سے وہ وقتا بوقتا اس کا علاج کرواتے آ رہے ہیں۔

’لائم ڈیزیز‘ عام طور پر امریکا، شمال مشرقی اور وسطی اٹلانٹک علاقوں، یورپ، اور کینیڈا میں پائی جاتی ہے، یہ بیماری نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا میں بھی موجود ہے۔

لائم بیماری بورریلیا بیکٹیریا کی وجہ سے ہوتی ہے، یہ بیکٹیریا عام طور گھاس، جھاڑیوں اور جنگلات میں پائے جانے والے کیڑے چچڑ (tick) کے کاٹنے سے انسانوں میں منتقل ہوتا ہے اور بعد ازاں یہ بیکٹیریا بیماری میں تبدیل ہوجاتا ہے۔

اس بیماری میں عام طور پر چچڑ کے کاٹنے کے بعد متاثرہ جگہ پر سرخ یا سیاہ دھبہ بن جاتا ہے، جس کے کچھ ہی دن بعد سر درد، بخار، شدید تھکاوٹ، جوڑوں میں درد اور اکڑن اور لمز نوڈز کے سوجنے کا عمل شروع ہوجاتا ہے۔

اگرچہ یہ بیماری جان لیوا نہیں، تاہم بعض کیسز میں یہ شدید اور موروثی بیماریوں یا پیچیدگیوں کا سبب بن سکتی ہے، عام طور پر بعض مریضوں میں بیماری ہونے کے کئی ہفتوں تک علامات ظاہر نہیں ہوتیں، جس وجہ سے اس بیماری کے کچھ کیسز پیچیدہ ہوجاتے ہیں۔

لائم بیماری کو شدید اعصابی (نیورولاجیکل) بیماری میں شمار کیا جاتا ہے، بیلا حدید سے قبل یہ متعدد معروف شوبز اور میوزک شخصیات کو لاحق ہو چکی ہے۔