پاکستان

سرکلر ڈیٹ کے خاتمے کی حکومتی منظوری کے باوجود پاور سیکٹر کے گردشی قرضے میں اضافے کا انکشاف

جون 2025 کے مقابلے میں جولائی 2025 میں پاور سیکٹرکا گردشی قرضہ 47 ارب روپےبڑھ گیا، دستاویز

جون میں بجلی شعبے کے سرکلر ڈیٹ کے خاتمےکی حکومتی منظوری کے بعد جولائی میں پاور سیکٹر کے گردشی قرضے میں اضافے کا انکشاف ہوا ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق پاور ڈویژن کی دستاویز سے پتا چلتا ہے کہ جون 2025 کے مقابلے میں جولائی 2025 میں پاور سیکٹرکا گردشی قرضہ 47 ارب روپےبڑھ گیا۔

دستاویز کے مطابق جولائی 2025 تک پاور سیکٹر کا گردشی قرضہ 1661 ارب روپے ہوگیا، جبکہ اس کا حجم جون2025 تک 1614 ارب روپےتھا۔

مزید پتا چلتا ہے کہ جولائی 2024 تک پاور سیکٹر کے سرکلر ڈیٹ کا حجم 2351 ارب روپے تھا، جبکہ جولائی 2025 میں پاور سیکٹر کا سرکلرڈیٹ جولائی 2024 کے مقابلے میں 737 ارب روپےکم رہا۔

واضح رہے کہ 18 جون کو وفاقی کابینہ نے پاور سیکٹر کا گردشی قرض ختم کرنے کی منظوری دے دی تھی۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا تھا، جس میں کمرشل بینکوں سے 1275 ارب روپے لے کر گردشی قرض ختم کرنے کی منظوری دی گئی تھی۔