پاکستان

ملتان: سی سی ڈی کی کارروائی میں 7 مشتبہ ڈاکو ہلاک، 3 زخمی

کارروائیوں کے دوران ملزمان نے پولیس پارٹی کو دیکھتے ہی فائرنگ شروع کردی جس پر جوابی کارروائیاں کی گئیں، مشتبہ افراد متعدد ڈکیتیوں، راہزنی اور قتل کے واقعات میں ملوث تھے، ترجمان سی سی ڈی

ملتان کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی) نے دعویٰ کیا ہے کہ ہفتہ کے روز وہاڑی، ملتان اور شجاع آباد میں کی جانے والی 6 کارروائیوں کے دوران 7 مشتبہ ڈاکو ہلاک اور 3 زخمی ہوگئے۔

ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق ترجمان سی سی ڈی نے بتایا ہے کہ مشتبہ افراد متعدد ڈکیتیوں، راہزنی اور قتل کے واقعات میں ملوث تھے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ سی سی ڈی کی ٹیموں نے وہاڑی میں 3 آپریشن کیے جن میں 6 مشتبہ افراد ہلاک اور ایک زخمی ہوا۔

پہلے واقعے میں سی سی ڈی کا سامنا 7 مسلح افراد سے ہوا جو مبینہ طور پر چک نمبر 77/ڈبلیو بی پر غیرقانونی ناکہ لگا کر راہگیروں کو لوٹ رہے تھے، پولیس وین کو دیکھتے ہی ملزمان نے فائرنگ شروع کر دی۔

جوابی فائرنگ کے نتیجے میں 3 ملزمان ذاکر حسین، احمد اور جاوید زخمی ہوئے جب کہ 4 فرار ہوگئے، بعد ازاں تینوں زخمی ہسپتال میں دم توڑ گئے، پولیس نے جائے وقوع سے ایک پستول، پمپ ایکشن، دو بارہ بور پستول، ایک موٹر سائیکل اور 3 موبائل فون برآمد کیے۔

دوسرے آپریشن میں، چک نمبر 83/ڈبلیو بی کے قریب سی سی ڈی اہلکاروں نے 4 موٹر سائیکل سواروں کو رکنے کا اشارہ دیا مگر ملزمان نے فائرنگ شروع کر دی۔

پولیس کی جوابی فائرنگ کے نتیجے میں 2 ملزمان طارق اور نوید موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جب ان کے ساتھی فرار ہوگئے، پولیس نے دو 30 بور پستول برآمد کیے۔

تیسرے واقعے میں، سی سی ڈی اہلکاروں نے ایک آٹو رکشہ کو روکا مگر اندر بیٹھے افراد نے فائرنگ شروع کردی، جوابی فائرنگ میں ملزم مزہر ہلاک ہوگیا جب کہ اس کے ساتھی فرار ہوگئے، جائے وقوع سے ایک پستول برآمد کیا گیا۔

دوسری جانب، ملتان میں سی سی ڈی ٹیموں کو دو الگ الگ کارروائیوں میں مسلح مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا۔

ایک واقعہ 18-کاسی کے قریب پیش آیا جہاں 3 افراد کو رکنے کا اشارہ دیا گیا مگر انہوں نے پولیس پر فائرنگ کر دی، اس دوران کانسٹیبل عارف اور محمد شریف زخمی ہوئے۔

پولیس کی جوابی فائرنگ میں ایک ملزم جلیل زخمی ہوا جو بعد میں ہسپتال میں دم توڑ گیا، حکام کے مطابق جلیل اشتہاری تھا اور 46 مقدمات میں مطلوب تھا، جن میں ڈکیتی اور قتل شامل ہیں۔

دوسرے آپریشن میں، آوان چوک کے قریب دو موٹر سائیکل سواروں کو روکا گیا تو انہوں نے فائرنگ کی اور گاڑی پر قابو نہ پا سکے جس کے باعث وہ دیوار سے ٹکرا گئے۔

ایک ملزم، اجمل شیخ زخمی حالت میں گرفتار ہوا جب کہ دوسرا فرار ہوگیا۔ پولیس نے جائے وقوع سے ایک پستول برآمد کیا۔

علاوہ ازیں، شجاع آباد میں تھاکر والی پل کے قریب سی سی ڈی کی ٹیم نے 3 موٹر سائیکل سواروں کو روکنے کا اشارہ دیا جو حیات خانوالہ سے آرہے تھے، ملزمان نے فائرنگ شروع کر دی جس پر پولیس نے جوابی فائرنگ کی۔

فائرنگ کے بعد ایک ملزم، جس کی شناخت ذوالفقار عرف ذلفا کے نام سے ہوئی، زخمی حالت میں پکڑا گیا جب کہ دو ساتھی فرار ہوگئے، جائے وقوع سے ایک پستول برآمد کیا گیا۔