پاکستان

کراچی: گارڈن میں گٹر کی صفائی کے دوران باپ بیٹے سمیت 3 خاکروب جاں بحق

خاکروب گارڈن میں مین ہول کی سفائی کررہے تھے، جہاں ان کی موت آکسیجن کی کمی کے باعث ہوئی، ریسکیو حکام

کراچی کے علاقے گارڈن میں گٹر کی صفائی کے دوران باپ بیٹے سمیت 3 خاکروب جاں بحق ہوگئے، تینوں صفائی کے لیے مین ہول میں اترے تھے۔

ڈان نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے گارڈن میں مین ہول کی صفائی کے دوران آکسیجن کی کمی سے باپ بیٹا سمیت 3 خاکروب جان کی بازی ہار گئے۔

ریسکیو حکام نے بتایا ہے کہ خاکروب گارڈن میں مین ہول کی سفائی کررہے تھے، جہاں ان کی موت آکسیجن کی کمی کے باعث ہوئی۔

ایدھی ذرائع کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی فوری طور پر ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا اور ایک نوجوان کی لاش سب سے پہلے نکالی گئی، جس کی شناخت 22 سالہ وشال ولد جورج کے نام سے ہوئی۔

ریسکیو حکام نے مزید بتایا کہ امدادی سرگرمیوں کے دوران مزید 2 افراد کو نکالا گیا، تاہم دونوں زندگی کی بازی ہار چکے تھے جب کہ ریسکیو ٹیموں نے لاشیں نکال کر ہسپتال منتقل کردیں۔

ریسکیو حکام کے مطابق مرنے والوں میں باپ اور بیٹا بھی شامل ہیں، جاں بحق ہونے والوں میں 19 سالہ شاہد ولد خورشید اور 42 سالہ جورج ولد نامعلوم شامل ہیں۔

ایس ایچ او تھانہ گارڈن کے مطابق تینوں افراد کو گٹر سے نکالنے کی کوشش کرنے والے 26 سالہ فیصل کو نیم بے ہوشی کی حالت میں سول ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے، جہاں اسے طبی امداد دی جارہی ہے۔