لائف اسٹائل

زوبین گرگ کی لاش بھارت پہنچنے پر لوگوں کا سمندر امڈ آیا، پولیس اہلکار بھی رو پڑے

زوبین گرگ کی لاش سنگاپور سے بھارت آنے پر ان کا دوبارہ پوسٹ مارٹم کیا گیا، تاکہ ان کی موت کی حقیقت معلوم کی جا سکے۔

بولی وڈ اداکار عمران ہاشمی کی مقبول فلم ’گینگسٹر‘ کے گانے ’یا علی‘ سے شہرت حاصل کرنے والے بھارتی گلوکار زوبین گرگ کی لاش بھارت پہنچنے پر لوگوں کا سمندر امڈ آیا جب کہ پولیس اہلکار بھی رو پڑے۔

بھارتی نشریاتی ادارے ’نیوز 18‘ کے مطابق زوبین گرگ کی لاش سنگاپور سے بھارت آنے پر ان کا دوبارہ پوسٹ مارٹم کیا گیا، تاکہ ان کی موت کی حقیقت معلوم کی جا سکے۔

ان کی لاش گوہاٹی ایئرپورٹ پر پہنچنے کے بعد لوگوں کی طویل قطاریں لگ گئیں جب کہ حکومت نے پہلےہی ریاست بھر میں تین دن کے سرگاری سوگ کا اعلان کر رکھا ہے۔

ریاست آسام کی حکومت کو شک ہے کہ زوبین گرگ کے ساتھ کچھ نہ کچھ غلط ہوا ہوگا، اسی وجہ سے پوسٹ مارٹم دوبارہ کیا گیا جب کہ پولیس نے تحقیقات کو بھی تیز کردیا ہے۔

زوبین گرگ کی وصیت کے مطابق ان کی تدفین آبائی شہر میں ندی کے کنارے کی جائے گی، جہاں حکومت نے 6 ایکڑ زمین بھی ان کی یادگار بنانے کے لیے مختص کردی ہے۔

’ٹائمز ناؤ‘ کے مطابق زوبین گرگ کی آخری رسومات کے لیے 23 ستمبر کو تمام سرکاری اور نجی اسکولوں، کالجوں اور سرکاری دفاتر کو بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

گلوکاری کی آخری رسومات گوہاٹی کے مضافات میں ادا کی جائیں گی۔

وزیراعلیٰ ہمنتا بسوا سرما کے مطابق زوبین گرگ کی تدفین سادہ طریقے سے کی جائے گی، ان کی میت کو لے جانے والی ایمبولینس کے ساتھ صرف ایک چھوٹی بس ہوگی، جس میں ان کی اہلیہ، قریبی رشتہ دار اور دوست ہوں گے۔ کوئی اور گاڑیاں پروسیشن کا حصہ نہیں ہوں گی۔

انہوں نے بتایا کہ خاندان کے فیصلے کے مطابق رسومات ادا کی جائیں گی۔

ادھر ’این ڈی ٹی وی‘ کے مطابق زوبین گرگ کی لاش گوہاٹی پہنچنے پر لوگوں کو سمندر امڈ آیا اور لوگوں کی چار کلو میٹر تک طویل قطاریں لگ گئیں۔

زوبین گرگ کی لاش کے پہنچنے پر نہ صرف ان کے اہل خانہ، قریبی رشتے دار اور دوست بلکہ عام افراد بھی روتے دکھائی دیے، ڈیوٹی پر مامور پولیس اہلکار بھی رو پڑے۔

زوبین گرگ 19 ستمبر کو سنگاپور میں اسکوبا ڈائیونگ کے دوران چل بسے تھے، انہوں نے 20 اور 21 ستمبر کو وہاں میوزیکل شو میں پرفارم کرنا تھا۔

ریاست آسام میں پیدا ہونے والے زوبین گرگ نے آسامی، بنگالی اور ہندی فلموں میں گانے گائے، وہ خاص طور پرعمران ہاشمی اور کنگنا رناٹ کی فلم ’گینگسٹر‘ (2006) کے گانے ’یا علی‘ کے لیے مشہور ہیں۔

زوبین گرگ نے کئی ہٹ بنگالی گانوں جیسے ’چوکھر جولے،پیارے پیارے‘ اور ’صبحا منگلم‘ بھی گائے ہیں۔