پاکستانی گوشت کی طلب میں اضافہ، یو اے ای کے ساتھ 81 لاکھ ڈالر کا معاہدہ طے پاگیا
پاکستانی گوشت کی طلب میں اضافے کے تناظر میں دی آرگینک میٹ کمپنی لمیٹڈ نے متحدہ عرب امارات کی گولڈ کریسٹ ٹریڈنگ ایف زیڈ ای کے ساتھ 81 لاکھ ڈالر مالیت کا نیا برآمدی معاہدہ کیا ہے۔
ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق دی آرگینک میٹ کمپنی (ٹی او ایم سی ایل) نے متحدہ عرب امارات کی کمپنی گولڈ کریسٹ ٹریڈنگ ایف زیڈ ای کے ساتھ 81 لاکھ ڈالر مالیت کا نیا ایکسپورٹ معاہدہ کیا ہے، جس کے تحت منجمد بغیر ہڈی کا گوشت فراہم کیا جائے گا۔
یہ معاہدہ خلیجی مارکیٹ میں پاکستانی گوشت کی بڑھتی ہوئی طلب کے پیشِ نظر ٹی او ایم سی ایل کے کاروبار کو مزید وسعت دینے کے لیے کیا گیا ہے۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں پیر کو جمع کرائی گئی فائلنگ میں ٹی او ایم سی ایل نے بتایا کہ یہ گوشت متحدہ عرب امارات میں صنعتی اور گھریلو پراسیسنگ کے لیے برآمد کیا جائے گا۔
کمپنی کو توقع ہے کہ موجودہ مالی سال کے دوران اس معاہدے سے مکمل آمدنی حاصل ہوگی۔
ٹی او ایم سی ایل کے مطابق یہ معاہدہ اس بات کی تصدیق ہے کہ ہم پاکستان سے یو اے ای کو گوشت برآمد کرنے والے نمایاں پروسیسر اور ایکسپورٹر ہیں۔
کمپنی نے مزید کہا کہ یہ ڈیل گوشت کی پیداوار کے معیار کی عکاسی کرتی ہے اور توقع ہے کہ یہ معاہدہ کمپنی کی آمدنی کو مضبوط کرے گا اور شیئر ہولڈرز کے لیے اضافی قدر پیدا کرے گا۔
بیسٹ وے سیمنٹ کا آٹو سیکٹر میں داخلہ
ایک علیحدہ پیش رفت میں بیسٹ وے سیمنٹ لمیٹڈ (بی سی ایل) نے آٹو موبائل سیکٹر میں داخل ہونے کے ارادے کا اعلان کیا ہے اور اس مقصد کے لیے ایک مکمل ذیلی کمپنی کو نجی لمیٹڈ کمپنی کے طور پر شامل کیا جائے گا۔
پیر کو اسٹاک ایکسچینج میں جمع کرائی گئی فائلنگ کے مطابق بی سی ایل کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے 19 ستمبر کو ہونے والے اجلاس میں نئی کمپنی کے قیام کی منظوری دی۔
سیمنٹ بنانے والی یہ کمپنی نئی ذیلی کمپنی میں 4 ارب روپے تک کی ایکویٹی سرمایہ کاری کرنے اور 6 ارب روپے تک کے شیئر ہولڈر قرضے فراہم کرنے کا ارادہ رکھتی ہے، جس کی منظوری کمپنیز ایکٹ 2017 کی شق 199 کے تحت شیئر ہولڈرز سے لی جائے گی۔
کمپنی نے منصوبہ بند منصوبے کے حوالے سے کوئی مخصوص تفصیلات ظاہر نہیں کیں، تاہم یہ اقدام اس بات کا اشارہ ہے کہ کمپنی اپنے بنیادی سیمنٹ کاروبار سے ہٹ کر تنوع کی پالیسی اپنا رہی ہے۔