حکومت سندھ کا خواتین کو رواں ہفتے مفت پنک اسکوٹیز دینے کا فیصلہ
حکومت سندھ نے حالیہ ہفتے کے دوران خواتین کو پنک اسکوٹیز دینے کا فیصلہ کرلیا، سینئر وزیر سندھ شرجیل میمن کہتے ہیں کہ خواتین کو مفت الیکٹرک اسکوٹیز کی فراہمی انقلابی قدم ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن کی زیرصدارت اہم اجلاس میں پنک اسکوٹیز پروگرام کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
شرجیل میمن نے کہا کہ سندھ حکومت رواں ہفتے خواتین اورطالبات کو مفت الیکٹرک اسکوٹیز فراہم کرنےجا رہی ہے، اس سہولت سے خواتین کو روزانہ کی آمدورفت میں آسانی، وقت کی بچت اور سفری اخراجات میں کمی کے ساتھ ایک محفوظ اور باوقار سفر میسر آئےگا۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ یہ اسکیم خاص طور پر ان خواتین کے لیے ہے جو روزانہ تعلیم، ملازمت یا دیگر ضروریات کے لیے پبلک ٹرانسپورٹ پر انحصار کرتی ہیں، درخواست گزار خواتین اور طالبات کا ریکارڈ سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے ذریعے مرتب کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ شفاف میکنزم کے تحت میرٹ اور ضرورت کی بنیاد پر الیکٹرک اسکوٹیز الاٹ کی جا رہی ہیں، حکومت سندھ کی جانب سے ایک شفاف اور آسان طریقہ کار تیار کیا گیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ خواتین اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔
شرجیل انعام میمن نے کہاکہ حکومت چاہتی ہے کہ خواتین اپنی زندگی کے ہر شعبے میں خودمختار ہوں اور یہ اسکیم ان کے لیے ایک مثبت قدم ثابت ہوگی، تمام طالبات اور ملازمت پیشہ خواتین کو اس سہولت سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے۔
سینئر وزیر نے کہاکہ حکومت سندھ چاہتی ہے کہ خواتین کو ایسے مواقع دیے جائیں جن سے وہ تعلیم، ملازمت اور دیگر سرگرمیوں میں پوری طرح حصہ لے سکیں۔
واضح رہے کہ ڈان نیوز نے اگست 2025 میں رپورٹ کیا تھا کہ خواتین کو با اختیار بنانے کیلئے سندھ ورکرز ویلفیئر بورڈ نے 10 ہزار مفت الیکٹرک موٹرسائیکلوں کے منصوبےکا آغاز کردیا ہے۔
ابتدائی طور پر صنعتوں میں کام کرنے والی خواتین کو 10 ہزار مفت الیکٹرک بائیکس دی جائیں گی، جس کے لیے رجسٹریشن کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔
سندھ ورکرز ویلفیئربورڈ کے مطابق الیکٹرک بائیکس دینے کا فیصلہ ڈیجیٹل قرعہ اندازی سے ہوگا، 20 سے 45 برس کی صنعتی مزدور خواتین اس اسکیم کے لیے اہل ہوں گی جبکہ اسکیم کے لیے 20 فیصد اقلیتی کوٹہ بھی مختص کیا گیا ہے۔