پاکستان

بلوچستان: لیویز اور پولیس کے انضمام سے متعلق تمام سابقہ نوٹیفکیشنز منسوخ

رخشاں، ژوب اور مکران ڈویژن کیلئے بی ایریا کو اے ایریا میں تبدیل کرنے سے متعلق اجلاس کے منٹس، انتظامی منظوریوں، اقدامات اور خطوط بھی فوری طور پر منسوخ کر دیے گئے، محکمہ داخلہ

محکمہ داخلہ بلوچستان نے بعض علاقوں میں لیویز فورس اور پولیس کے انضمام سے متعلق لیویز ایکٹ 2010 کے تحت جاری ہونے والے تمام سابقہ نوٹی فکیشنز واپس لے لیے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق یہ پیشرفت بلوچستان اسمبلی کی جانب سے لیویز ترمیمی ایکٹ 2025 کی منظوری کے بعد سامنے آئی ہے۔

صوبائی محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ رخشاں، ژوب اور مکران ڈویژن کے لیے بی ایریا کو اے ایریا میں تبدیل کرنے سے متعلق تمام سابقہ نوٹی فکیشنز، اجلاس کے منٹس، انتظامی منظوریوں اور بعد ازاں کیے گئے اقدامات اور خطوط کو فوری طور پر منسوخ کیا جاتا ہے۔

یاد رہے کہ رواں سال جنوری میں بلوچستان اسمبلی میں حکومت اور اپوزیشن، دونوں بینچوں کی مخالفت کے باوجود صوبائی حکومت نے 3 اضلاع کوئٹہ، گوادر اور لسبیلہ پر مشتمل لیویز فورس کو فوری طور پر صوبائی پولیس فورس میں ضم کر دیا تھا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ یہ فیصلہ چیف سیکریٹری شکیل قادر کی زیر صدارت اجلاس میں ضلعی لیویز سے ضلعی پولیس کو آپریشنل کمانڈ منتقل کرنے کے حوالے سے متعلقہ ضلعی انتظامیہ سے مشاورت کے بعد کیا گیا تھا، اس حوالے سے باضابطہ نوٹی فکیشن بھی جاری کیا گیا تھا۔

اس فیصلے کے تحت مذکورہ تینوں اضلاع میں افسران اور دیگر عملے سمیت مجموعی طور پر 1116 لیویز اہلکار بلوچستان پولیس میں تعینات کیے گئے تھے۔