سائنس و ٹیکنالوجی

واٹس ایپ کا نیا فیچر، اب صارفین پیغامات کا اپنی پسندیدہ زبان میں ترجمہ کرسکیں گے

اینڈرائیڈ صارفین کسی بھی چیٹ کو مکمل طور پر ترجمہ کرنے کے لیے سیٹ کر سکتے ہیں، جس سے آئندہ آنے والے تمام پیغامات اسی منتخب زبان میں نظر آئیں گے۔

انسٹنٹ میسیجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ نے اپنے صارفین کے لیے نیا فیچر متعارف کرایا ہے، جس کے ذریعے سے اب وہ پیغامات کا اپنی پسندیدہ زبان میں ترجمہ کر سکیں گے۔

ٹیکنالوجی ویب سائٹ کے مطابق واٹس ایپ نے اپنے صارفین کے لیے ایک نیا فیچر متعارف کرایا ہے، جس کے ذریعے سے صارفین اپنے پیغامات کو اپنی پسندیدہ زبان میں ترجمہ کرسکیں گے۔

اس فیچر کی مدد سے اگر کسی پیغام کو سمجھنے میں زبان کی وجہ سے مشکل ہو تو صارف صرف پیغام کو دبا کر ’ترجمہ کریں‘ کے آپشن پر کلک کر کے اپنی مطلوبہ زبان منتخب کرسکتا ہے۔

اینڈرائیڈ صارفین کے لیے اضافی سہولت یہ ہے کہ وہ کسی بھی چیٹ کو مکمل طور پر ترجمہ کرنے کے لیے سیٹ کر سکتے ہیں، جس سے آئندہ آنے والے تمام پیغامات اسی منتخب زبان میں نظر آئیں گے۔

واٹس ایپ کے مطابق ترجمے کا عمل صارف کے فون پر ہی ہوتا ہے، یعنی وٹس ایپ یا میٹا کمپنی صارف کے پیغامات تک رسائی حاصل نہیں کر سکتی، جس سے پیغامات مکمل طور پر محفوظ اور خفیہ رہیں گے۔

اینڈرائیڈ صارفین کے لیے یہ سہولت چھ زبانوں میں دستیاب ہے، جن میں انگریزی، ہسپانوی، ہندی، پرتگالی، روسی اور عربی شامل ہیں، جب کہ آئی فون صارفین کے لیے یہ فیچر 20 سے زائد زبانوں میں دستیاب ہے، جن میں انگریزی، فرانسیسی، جرمن، ہندی، جاپانی، چینی، پرتگالی، روسی، اسپینش، تھائی، ترکی، یوکرینی اور ویتنامی شامل ہیں۔

یہ نیا فیچر واٹس ایپ صارفین کے لیے زبان کی رکاوٹ کو دور کرنے میں مددگار ثابت ہوگا، خاص طور پر ان لوگوں کے لیے جو مختلف زبانوں میں بات چیت کرتے ہیں، اس سے نہ صرف بات چیت آسان ہوگی بلکہ صارفین کی رازداری بھی برقرار رہے گی۔

فی الحال یہ فیچر آئی فون اور اینڈرائیڈ دونوں پر دستیاب ہے۔