ودہولڈنگ ٹیکس پر ابھی حتمی فیصلہ نہیں ہوا، اسلامی نظریاتی کونسل کی وضاحت
اسلامی نظریاتی کونسل (سی آئی آئی) نے وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ رقوم کی منتقلی اور نکالنے پر ودہولڈنگ ٹیکس کے معاملے پر ابھی کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا، اس سے پہلے کونسل نے ودہولڈنگ ٹیکس کو ’ غیر اسلامی’ قرار دیا تھا۔
پریس ریلیز کے مطابق یہ فیصلہ اور دیگر فیصلے کونسل کے 243ویں اجلاس میں کیے گئے، جس کی صدارت چیئرمین علامہ ڈاکٹر محمد راغب حسین نعیمی نے کی، پریس ریلیز میں کہا گیا تھا کہ ’اسلامی نظریاتی کونسل نے رقوم نکالنے یا منتقل کرنے پر عائد ودہولڈنگ ٹیکس کو غیر ضروری اور غیر اسلامی قرار دیا ہے۔‘
فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے مطابق ودہولڈنگ ٹیکس ایک ایڈوانس ٹیکس ادائیگی ہے جو مخصوص معاشی سرگرمیوں کے وقت انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 اور سیلز ٹیکس ایکٹ 1990 کی کچھ دفعات کے تحت کاٹا جاتا ہے۔
تاہم اسلامی نظریاتی کونسل کی جانب سے بعد میں جاری کی گئی وضاحت میں کہا گیا کہ ’ آج کے اجلاس کے حوالے سے یہ تاثر پیدا ہوا کہ کونسل نے ودہولڈنگ ٹیکس پر حتمی رائے قائم کرلی ہے، جبکہ حقیقت یہ ہے کہ کچھ ارکان نے ابتدائی بات چیت کی جس میں ارکان کے مختلف خیالات تھے، ارکان نے کہا کہ وہ اگلے اجلاس میں ماہرین سے مشاورت کریں گے۔’
مزید کہا گیا کہ ’لہٰذا فیصلہ کیا گیا کہ کونسل کے آئندہ اجلاس میں اس پر تفصیل سے بات کی جائے اور متعلقہ ماہرین کی آراء لی جائیں، کونسل نے زیرِ بحث معاملے پر کوئی فیصلہ نہیں کیا۔‘
پریس ریلیز کے مطابق اسلامی نظریاتی کونسل نے دیگر معاملات پر بھی فیصلے کیے، جن میں سور سے بنی انسولین کے اجزا، دیت (خون بہا) کے قانون میں ترمیم، اور گواہی کے بعد قرآنِ مجید کے نسخوں کو صاف رکھنے کے اقدامات شامل ہیں۔
پریس ریلیز میں کہا گیا تھا کہ ’کونسل نے دیت کے قانون میں مجوزہ ترمیمی بل سے اتفاق نہیں کیا، کونسل کی رائے ہے کہ دیت کی اسلامی رقوم یعنی سونا، چاندی اور اونٹ قانون میں شامل رہیں جبکہ بل میں چاندی کو حذف کر دیا گیا ہے اور غیر اسلامی طور پر صرف سونے کو معیار بنایا گیا ہے۔’
علاوہ ازیں کونسل نے 11 ستمبر 2025 کو سپریم کورٹ کے دو رکنی بینچ کے فیصلے پر بھی تحفظات کا اظہار کیا، پریس ریلیز میں کہا گیا کہ ’طلاق کی صورت میں غیر مدخولہ عورت کے لیے عدت اور نان و نفقہ لازمی قرار دینا قرآن و سنت کے خلاف ہے۔‘
یاد رہے کہ ایک تاریخی فیصلے میں سپریم کورٹ نے قرار دیا تھا کہ عورت کے نان و نفقہ کا حق نہ تو ازدواجی تعلقات یا ’ رخصتی‘ سے مشروط ہے اور نہ ہی شوہر کی مرضی پر منحصر ہے۔
علاوہ ازیں کونسل نے اعلان کیا کہ انسانی دودھ محفوظ کرنے کے ادارے مخصوص شرائط کے تحت قائم کیے جا سکتے ہیں، لیکن اس پر لازمی قانون سازی کی ضرورت ہے اور اس عمل میں کونسل کو شامل کیا جائے تاکہ ’مفاسد کو روکا جا سکے۔’
وزارتِ مذہبی امور کی درخواست پر کونسل نے یہ بھی سفارش کی کہ ایک ایسی رنگ ٹون تیار کی جائے جو شہریوں کو ربیع الاول کے مہینے میں مقدس کلمات والے پرچموں اور بینرز کا احترام کرنے کی تلقین کرے۔