پاکستان

کراچی: بارود برآمد ہونے کا جرم ثابت ہونے پر ’را‘ کے مبینہ ایجنٹ کو 114 سال قید کی سزا

انسداد دہشتگردی کی عدالت نے سلیم پر ڈیڑھ لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کر دیا، ضمانت منسوخ کرکے جیل بھیجنے کا حکم، ملزم 1989 میں بھارت سے پاکستان آیا تھا، پراسیکیوشن

کراچی کی عدالت نے باوردی مواد کی برآمدگی کے کیس میں جرم ثابت ہونے پر بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ کے مبینہ ایجنٹ ملزم سلیم کو 114 سال قید کی سزا سنا دی۔

کراچی میں قائم انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت (اے ٹی سی) میں ’را‘ کے مبینہ ایجنٹ کے قبضے سے باوردی مواد کی برآمدگی کے مقدمے کی سماعت ہوئی، عدالت نے جرم ثابت ہونے پر ملزم سلیم کو مجموعی طور پر 114 سال قید کی سزا سنائی اور مجموعی پر ڈیڑھ لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کر دیا۔

اے ٹی سی نے ملزم کی ضمانت منسوخ کرتے ہوئے اسے جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔

پراسیکیوشن کے مطابق ملزم سلیم کو اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ (ایس آئی یو) پولیس نے تھانہ ماڑی پور کے علاقے سے گرفتار کیا تھا، ملزم کے قبضے سے ایک دستی بم، آوان، لانچر اور غیر قانونی اسلحہ برآمد کیا گیا تھا۔

استغاثہ کے مطابق ملزم نے دوران تفتیش بھارتی خفیہ ایجنسی را سے تعلق کا اعتراف کیا تھا، ملزم نے 2012 سے 2014 کے درمیان 3 مرتبہ بھارت کا سفر کر رکھا ہے، ملزم سلیم 1989 میں بھارت سے پاکستان آیا تھا۔

استغاثہ کے مطابق ملزم سلیم غیر قانونی طریقے سے پاکستان آیا اور جعل سازی سے پاکستانی دستاویزات اور پاسپورٹ حاصل کیا تھا، ملزم نے دوران تفتیش بتایا کہ وہ انڈیا کے شہر گجرات بھوج میں رکشہ چلاتا تھا۔

ملزم کے قبضے سے 4 پاکستانی پاسپورٹ بھی برآمد ہوئے تھے۔