کاروبار

نیپرا نے بجلی کمپنیوں پر حادثات پر کتنے جرمانے عائد کیے؟ تفصیلات جاری

نیپرا کی جانب سے کے-الیکٹرک سمیت بجلی تقسیم کار کمپنیوں اور این ٹی ڈی سی پر 2018 سے لے کر اب تک مہلک وغیر مہلک حادثات پر جرمانے عائد کیے گئے۔

نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کی جانب سے کے-الیکٹرک سمیت بجلی تقسیم کار کمپنیوں اور این ٹی ڈی سی پر 2018 سے لے کر اب تک مہلک وغیر مہلک حادثات پر مجموعی طور پر 97 کروڑ 50 لاکھ روپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔

ڈان نیوز کے مطابق نیپرا کی جانب سے جاری کی گئی تفصیلات کے مطابق کے-الیکٹرک سمیت سرکاری بجلی تقسیم کار کمپنیوں اور این ٹی ڈی سی پر مہلک حادثات یعنی ہلاکتوں کے باعث 64 کروڑ 50 لاکھ روپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔

ان میں سے 4 کروڑ 55 لاکھ روپے کے جرمانے ادا کئے گئے جب کہ باقی ماندہ جرمانوں کی وصولی کے لیے عمل جاری ہے۔

نیپرا کے مطابق غیر مہلک حادثات پر بجلی تقسیم کار کمپنیوں پر 33 کروڑ روپے کے جرمانے عائد کیے گئے اور ان میں سے کوئی رقم وصول نہیں ہوئی۔

نیپرا کا کہنا ہے کہ این ٹی ڈی سی پر مہلک حادثات پر ایک کروڑ روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا۔

نیپرا دستاویز کے مطابق کے-الیکٹرک کے زیر انتظام علاقوں میں مہلک حادثات پر 2018 سے 2025 تک 9 کروڑ 55 لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا۔

دستاویز کے مطابق مہلک حادثات کے باعث پیسکو 7 کروڑ 50 لاکھ، لیسکو 7 کروڑ 60 لاکھ، گیپگو 4 کروڑ 40 لاکھ، حیسکو 8 کروڑ 70 لاکھ، سیپکو 4 کروڑ 30 لاکھ، فیسکو 4 کروڑ 10 لاکھ، آئیسکو 10 کروڑ، میپکو 5 کروڑ 10 لاکھ اور کیسکو کے زیر انتظام علاقوں میں مہلک حادثات پر 2 کروڑ 25 لاکھ روپے کے جرمانہ عائد کیے گئے ہیں۔