پاکستان

ڈان میڈیا 11 اکتوبر کو فضائی آلودگی کے حوالے سے کانفرنس منعقد کرے گا

لاہور میں منعقد ہونے والی کانفرنس سے وزیراعظم شہباز شریف، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، وفاقی و صوبائی وزرا، اعلیٰ عدلیہ کے ججز، اقوام متحدہ کے سینئر حکام اور عالمی ماہرین خطاب کر یں گے، ڈان میڈیا

بریتھ پاکستان انٹرنیشنل کلائمیٹ چینج کانفرنس کی کامیابی کے بعد ڈان میڈیا نے اعلان کیا ہے کہ فضائی آلودگی کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے ایک اہم کانفرنس منعقد کی جائے گی۔

ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق ’دی ایئر وی بریتھ‘ کے عنوان سے یہ کانفرنس 11 اکتوبر کو لاہور ایکسپو سینٹر میں منعقد ہوگی، یہ کانفرنس ’بریتھ پاکستان‘ کے تحت منعقد کی جا رہی ہے، جو ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے کی ایک مہم ہے اور اس کا مقصد عوام کو روز مرہ زندگی میں ماحولیاتی پائیداری کو اپنانے کے لیے متحرک کرنا ہے۔

پاکستان، بالخصوص لاہور، فضائی آلودگی کے بحران سے شدید متاثر ہے، ایک وقت میں باغات کے شہر کے طور پر جانا جانے والا لاہور اب دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں شامل ہے، جہاں پی ایم 2.5 کی سطح عالمی ادارۂ صحت کے محفوظ معیار سے کہیں زیادہ ہے۔

ڈان میڈیا کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ’دیگر بڑے شہر بشمول کراچی، فیصل آباد اور پشاور بھی اسی طرح کے مسائل سے دوچار ہیں جبکہ صنعتی اخراجات، گاڑیوں کا دھواں، فصلوں کی باقیات جلانا اور ماحولیاتی قوانین پر کمزور عملدرآمد ان مسائل کی بنیادی وجوہات ہیں‘۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ ’کمزور طبقات بشمول بچے، بزرگ اور کم آمدنی والے افراد اس مسئلے کا سب سے زیادہ بوجھ برداشت کرتے ہیں جس کے صحت، پیداوار اور اوسط عمر پر تباہ کن اثرات مرتب ہوتے ہیں‘۔

کانفرنس کے اہم مقررین میں وزیرِاعظم شہباز شریف، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، وفاقی اور صوبائی وزرا، سپریم کورٹ اور لاہور ہائی کورٹ کے ججز، اقوام متحدہ کے سینئر حکام، عالمی ماہرین صحت، ماہرینِ معیشت اور کارپوریٹ رہنما شامل ہوں گے۔

کانفرنس کا مقصد قابلِ عمل حل پیش کرنا، اعلیٰ سطح کے مکالمے کو فروغ دینا اور پاکستان میں صاف ہوا کے لیے اجتماعی اقدامات کو آگے بڑھانا ہے۔ اجلاس کے موضوعات میں حکمرانی اور پالیسی فریم ورک، صاف ہوا کے لیے مالی وسائل، اسموگ اور صنعتی ذمہ داریاں، عدالتی فعالیت، عوامی صحت پر اثرات، قومی فضائی معیار اور سرحد پار آلودگی پر علاقائی تعاون شامل ہوگا۔

یہ کانفرنس اقوام متحدہ اور حکومت پنجاب کے تعاون سے منعقد کی جا رہی ہے، پاکستان بزنس کونسل علمی شراکت دار کی حیثیت سے شامل ہوگی جبکہ اِپسوس، سی ایف پی اور کاربن ٹریک تحقیقی شراکت دار ہوں گے۔

اس اقدام کو کئی تجارتی اداروں اور سرکاری و نجی تنظیموں کی حمایت حاصل ہوگی جن میں انگلش بسکٹ مینوفیکچررز، بینک آف پنجاب، محکمہ ماحولیات و ماحولیاتی تبدیلی پنجاب، اوموڈا اینڈ جائیکو اور نشاط گروپ شامل ہیں۔

ڈان میڈیا کے بیان کے مطابق ’دی ایئر وی بریتھ‘ کانفرنس طویل مدتی شراکت داری، پالیسی اصلاحات اور مربوط اقدامات کے لیے ایک محرک ثابت ہوگی۔