گوادر: گومازیں کراس پر مسافر کوچ اور پک اپ میں تصادم، 8 افراد جھلس کر جاں بحق
پنجگور سی پیک روڈ گومازیں کراس پر مسافر کوچ اور زمیاد پک اپ گاڑی کے خوفناک تصادم کے نتیجے میں 8 افراد جھلس کر جاں بحق اور ایک شدید زخمی ہوگیا۔
لیویز کے مطابق پنجگور سی پیک روڈ گومازیں کراس پر کوچ اور زمیاد پک اپ گاڑی میں خوفناک تصادم کے نتیجے میں دونوں گاڈیوں میں آگ لگ گئی، جس کے نتیجے میں 8 افراد جھلس کر جاں بحق ہوگئے، جب کہ ایک راہ گیر موٹر سائیکل سوار شدید زخمی ہوگیا۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 اور لیویز کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں، فائر بریگیڈ کی مدد سے آگ پر کافی کوشش کے بعد قابو پالیا گیا، اور میتوں کو گاڑی سے نکال کر ٹیچنگ ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
لیویز کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والی گاڑیوں میں ڈیزل لوڈ تھا، تصادم کے نتیجے میں دونوں گاڑیوں میں آگ لگ گئی، زمیاد گاڑی پنجگور سے آگے کی طرف جا رہی تھی جب کہ کوچ کوئٹہ سے پنجگور کی طرف آرہی تھی۔
زمیاد گاڑی میں ڈیزل لوڈ تھا، زمیاد گاڈی میں سوار 2 افراد جھلس کر جاں بحق ہوئے، دونوں آپس میں سگے بھائی تھے، جن میں فہد اور رزاق ولد عبدالسلام شامل ہیں، جو پنجگور سریکوران کے رہائشی بتائے جاتے ہیں۔
اس کے علاوہ خوفناک حادثے میں بس میں 6 سوار افراد جاں بحق ہوئے، جن کی میتیں ٹیچنگ ہسپتال منتقل کی گئی ہیں، مرنے والے 6 افراد کا تعلق خضدار سے جب کہ دو کا تعلق پنجگور سے ہے۔
بس میں سوار جاں بحق افراد کے نام جمیل احمد ولد عبداللہ، عنایت اللہ ولد عبداللہ، عادل ولد احمد خان، سیلمان ولد علی دوست، محمد عالم ولد علی محمد، عامر ولد علی نواز ہیں، جو خضدار کے رہائشی ہیں۔
موٹر سائیکل سوار راہ گیر زخمی کا نام صدیق ولد زاہد حسین ساکن گرمکان پنجگور معلوم ہوا ہے۔