لاہور: کرکٹ میچز پر جوا کروانے والے 3 بکی گرفتار
لاہور میں جوہر ٹاؤن پولیس نے کارروائی کرکے کرکٹ میچز پر آن لائن جوا کروانے والے 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا، ملزمان نے ایشیا کپ میں پاک بھارت میچ پر بھی جوا کھیلا تھا۔
ڈان نیوز کے مطابق لاہور پولیس نے ایشیا کپ اور غیر ملکی لیگز کے میچز پر آن لائن جوا کروانے والے 3 بکی گرفتار کرلیے۔
ترجمان پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان میں عمران، عماد اور اسلام شامل ہیں، جن کے قبضہ سے 2 عدد لیپ ٹاپ، 3 موبائل فونز اور ایک لاکھ روپے سے زائد رقم برآمد ہوئے ہیں۔
ایس پی صدر رانا حسین طاہر کا کہنا تھا کہ ملزمان ایشیا کپ میں پاک-بھارت میچ پر بھی سٹے بازی کررہے تھے، تینوں گرفتار ملزمان انٹرنیشنل کرکٹ ورلڈکپ میچز پر بھی جوا کرواتے تھے۔
ایس پی صدر رانا حسین طاہر نے بتایا کہ ملزمان مختلف موبائل ایپ اکاؤنٹس کے ذریعے گروپ جوا کرواتھے تھے، ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش جاری ہے۔
دوسری جانب، ایس پی صدر رانا حسین طاہر کی جانب سے ایس ایچ او جوہر ٹاؤن و ٹیم کو شاباشی دی گئی ہے۔