پشین: مسافر کوچ اور کار میں تصادم، 3 افراد جاں بحق، 5 زخمی
بلوچستان کے ضلع پشین میں اسلام آباد جانے والی مسافر کوچ اور کار کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق جبکہ 5 زخمی ہوگئے۔
اسسٹنٹ کمشنر کاریزات محمد حمزہ نے ڈان ڈاٹ کام کو بتایا کہ حادثہ ضلع پشین کے علاقے خانوزئی میں اُس وقت پیش آیا جب کوئٹہ سے اسلام آباد جانے والی مسافر کوچ مخالف سمت سے آنے والی کرولا گاڑی سے ٹکرا گئی، جس کے بعد کوچ الٹ گئی۔
اسسٹنٹ کمشنر نے بتایا کہ حادثے کے نتیجے میں 2 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جب کہ دیگر 6 زخمیوں کو فوری طور پر ٹراما سینٹر منتقل کیا گیا۔
ایم ڈی ٹراما سینٹر کوئٹہ ڈاکٹر ارباب کامران نے ڈان ڈاٹ کام کو بتایا کہ زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی گئی، تاہم بدقسمتی سے ایک زخمی ہسپتال پہنچنے سے قبل راستے میں دم توڑ گیا۔
ڈاکٹر ارباب کامران کا کہنا تھا کہ حادثے کے زخمیوں کو ایمرجنسی بنیادوں پر علاج فراہم کیا جا رہا ہے، تاہم دو شدید زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
مزید بتایا کہ ان کی زیر نگرانی ٹراما سینٹر کی مکمل میڈیکل ٹیم اور سرجنز زخمیوں کی جان بچانے میں مصروف عمل ہیں۔
اس سے قبل، پنجگور سی پیک روڈ گومازیں کراس پر مسافر کوچ اور زمیاد پک اپ گاڑی کے خوفناک تصادم کے نتیجے میں 8 افراد جھلس کر جاں بحق جب کہ ایک شدید زخمی ہوگیا تھا۔