متھن منہاس بھارتی کرکٹ بورڈ کے 37ویں صدر منتخب
سابق ڈومیسٹک کرکٹر اور ایڈمنسٹریٹر متھن منہاس کو متفقہ طور پر بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کا صدر منتخب کر لیا گیا۔
خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق متھن منہاس صدارت کے عہدے کے لیے واحد امیدوار تھے، انہیں ممبئی میں ہونے والے بورڈ کے سالانہ عام اجلاس کے بعد صدر نامزد کیا گیا۔
بی سی سی آئی کے مطابق، راجیو شکلا کو نائب صدر منتخب جبکہ دیواجیت دیواجیت سائکیا بطور سیکریٹری اپنے عہدے پر برقرار رہیں گے۔
45 سالہ متھن منہاس نے بھارت کی نیشنل ٹیم کی کبھی نمائندگی نہیں کی تاہم فرسٹ کلاس کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد انہوں نے کرکٹ مینجمنٹ کا رُخ کیا۔
انہوں نے سابق ورلڈ کپ فاتح راجر بنی کی جگہ لی، جنہوں نے اگست میں 70 سال کی لازمی ریٹائرمنٹ کی عمر پوری ہونے کے بعد استعفیٰ دے دیا تھا۔
بھارت میں کرکٹ کی بے پناہ مقبولیت کے باعث بی سی سی آئی دیگر کھیلوں کے بورڈز کے مقابلے میں سب سے امیر بورڈ ہے، جو اسپانسر شپ اور ٹی وی ڈیلز سے خطیر رقم کماتا ہے۔
رپورٹس کے مطابق متھن منہاس کو بھارت کی حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی حمایت حاصل ہے، ان کا انتخاب گزشتہ ہفتے دہلی میں منعقدہ ایک اہم اجلاس میں کیا گیا، مذکورہ اجلاس میں بی جے پی کے سینئر رہنماؤں نے بھی شرکت کی تھی۔
یہ اجلاس بھارتی وزیر داخلہ امیت شاہ کی رہائش گاہ پر ہوا، جو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے سربراہ جے شاہ کے والد ہیں۔
متھن منہاس حال ہی میں بھارتی مقبوضہ کشمیر کی کرکٹ ایسوسی ایشن کے ڈائریکٹر کے طور پر کام کر رہے تھے۔
وہ ایک مڈل آرڈر بلے باز تھے جنہوں نے 157 ڈومیسٹک میچوں میں 45.82 کی اوسط سے9 ہزار 714 رنز بنائے، تاہم وہ قومی ٹیم میں انتخاب کے قریب پہنچ کر بھی اسکواڈ میں جگہ بنانے میں ناکام رہے۔
کرکٹ ماہرین کا کہنا ہے کہ وہ بدقسمتی سے اُس دور میں کھیلے جب سچن ٹنڈولکر، راہول ڈریوڈ، سورو گنگولی اور وی وی ایس لکشمن جیسے عظیم کھلاڑی بھارت کی قومی ٹیم میں موجود تھے۔
وہ دہلی کی ٹیم میں بھی واریندر سہواگ اور گوتم گمبھیر کی موجودگی کی وجہ سے پس منظر میں ہی رہے، لیکن اکثر ان اسٹار کھلاڑیوں کی قومی ٹیم میں مصروفیت کے دوران انہوں نے ٹیم کی قیادت کی۔
متھن منہاس نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں بھی 50 سے زائد میچ کھیلے چکے ہیں۔