پاکستان

ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کے بعد پاک-امریکا تعلقات میں مزید مضبوطی آئے گی، وزیراعظم شہباز شریف

مسلم ممالک کے سربراہان کے ساتھ غزہ کے مسئلے پر امریکی صدر سے میٹنگ ہوئی، امید ہے اس حوالے سے حوصلہ افزا نتائج جلد سامنے آئیں گے، شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف نےکہا ہے کہ واشنگٹن میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے انتہائی مفید ملاقات ہوئی، اچھے ماحول میں ہونے والی اس میٹنگ سے پاکستان اور امریکا کے تعلقات میں مزید مضبوطی آئے گی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے برطانیہ میں سمندر پار پاکستانیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی ترقی کی راہ پر گامزن ہے، یہ سب کچھ ٹیم ورک کا نتیجہ ہے، مسلم ممالک سربراہان کے ساتھ بھی غزہ کے مسئلے پر امریکی صدر سے میٹنگ ہوئی تھی۔

امید ہے اس حوالے سے جلدحوصلہ افزا نتائج سامنے آئیں گے، غزہ میں 64 ہزار سے زائد بے گناہ بچوں، نوجوان، بزرگوں اور خواتین کو شہید کیا گیا، ایسا ظلم ہم نے پہلے کبھی نہیں دیکھا، دعا ہے غزہ میں جلد از جلد اس ظلم کا خاتمہ ہو۔

انہوں نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ کے اجلاس میں اپنی تقریر کے دوران 24 کروڑ پاکستانیوں کے جذبات کی عکاسی کی، کشمیر کا مقدمہ بھی اقوام متحدہ میں لڑا۔

شہباز شریف نے سمندر پار پاکستانیوں کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ سمندر پار پاکستانی اپنے اپنے دائرے میں ملک کی خدمت کر رہے ہیں، آپ لوگ پاکستان کے ایمبیسیڈرز ہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ 2 سے 3 سال قبل پاکستان کی معیشت ہچکولے کھا رہی تھی، آج ہماری معیشیت مستحکم ہو رہی ہے، معشیت کی ترقی کا وقت آچکا ہے، یہ سب کچھ ٹیم ورک کے نتیجے میں مکمل ہوا، ٹیم ورک کے بغیر کوئی کامیابی حاصل نہیں کی جا سکتی۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان خارجی معاذ، عسکری اور معاشی میدان میں آگے بڑھ رہا ہے، پاکستان کی عزت اور توقیر میں اضافہ ہوا، ہم نے جنگ جیت کر دشمن کو شکست فاش دی، اللہ تعالیٰ نے پاکستان کی شان و شوکت میں اضافہ کیا۔