پاکستان

چمن: پاک-افغان سرحدی قصبے میں اچکزئی قبیلے کے رہنما قتل، 2 ساتھی زخمی

صلاح الدین اچکزئی عرف حاجی لالئی پر چمن کے نواحی علاقے مُردہ کاریز ڈیم میں موٹرسائیکل سوار مسلح افراد نے فائرنگ کی، قتل کی وجہ دشمنی ہونے کا شبہ ہے، حکام

چمن کے پاک۔افغان سرحدی قصبے میں اتوار کو اچکزئی قبیلے کے ایک نمایاں قبائلی رہنما کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا، جب کہ دیگر 2 افراد زخمی ہو گئے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق پولیس نے بتایا کہ صلاح الدین اچکزئی عرف حاجی لالئی کو چمن کے نواحی علاقے مُردہ کاریز ڈیم میں موٹرسائیکل سوار مسلح افراد نے نشانہ بنایا، اس حملے میں حاجی لالئی اور ان کے دو ساتھی زخمی ہو گئے۔

اطلاع ملنے پر لیویز اہلکار جائے وقوع پر پہنچے اور زخمیوں کو چمن ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کیا، قبائلی رہنما کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث انہیں کوئٹہ ریفر کیا گیا، تاہم صوبائی دارالحکومت منتقل کیے جانے کے دوران ہی وہ دم توڑ گئے، بعدازاں مرحوم کی میت ورثا کے حوالے کر دی گئی۔

اس واقعے کی وجہ رپورٹ درج ہونے تک معلوم نہیں ہو سکی، تاہم لیویز حکام کا خیال ہے کہ قبائلی دشمنی اس کا سبب ہو سکتی ہے، بعدازاں لیویز نے نامعلوم حملہ آوروں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔

دوسری جانب، سینئر پولیس افسر (ڈی ایس پی) رفیق حمزہ جو 3 روز قبل سوراب کے علاقے سے لاپتا ہو گئے تھے، اتوار کے روز محفوظ طور پر مستونگ میں اپنے گھر واپس پہنچ گئے۔