ایف بی آر کا ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کی آخری تاریخ میں توسیع نہ کرنے کا اعلان
فیدرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے 30 ستمبر کی مقرر کردہ ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کی آخری تاریخ میں توسیع نہ کرنے کا اعلان کردیا۔
ایف بی آر کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کی آخری تاریخ میں توسیع نہیں ہوگی، تاہم شدید مجبوری کی صورت میں کمیٹی کی منظوری سے ٹیکس دہندگان زیادہ سے زیادہ 15 روز کی توسیع حاصل کر سکتے ہیں بشرطیکہ واجب الادا ٹیکس 30 ستمبر 2025 تک جمع کرا دیا جائے۔
اعلامیہ کے مطابق یہ خبریں بھی غلط ہیں کہ آئی آر ایس سسٹم سست روی کا شکار ہے، ایف بی آر کا آئی آر ایس پلیٹ فارم مکمل طور پر فعال ہے اور سسٹم بلاتعطل کام کر رہا ہے۔
ایف بی آر کے اعلامیہ میں بتایا گیا کہ نئے اور سادہ انکم ٹیکس ریٹرن فارم کے ذریعے آسانی سے ریٹرن جمع کرائے جاسکتے ہیں۔
ایف بی آر کی جانب سے مزید کہا گیا کہ آخری تاریخ تک ریٹرن جمع نہ کرانے پر لیٹ فائلر کا درجہ دیا جائے گا اور قانون کے تحت جرمانے عائد ہوں گے۔