اماراتی ایئر لائن اتحاد ایئرویز نے پشاور کیلئے پروازیں دوبارہ شروع کردیں
متحدہ عرب امارات کی ایئر لائن اتحاد ایئرویز نے گیارہ سال کے بعد پشاور کیلئے پروازیں دوبارہ شروع کردیں۔
پاکستان ایوی ایشن اتھارٹی (پی اے اے) کے بیان کے مطابق اماراتی ایئرلائن اتحاد ایئرویز نے پشاور کے لیے پروازوں کا آغاز دوبارہ کر دیا، اور آج ( پیر کو ) ابوظبی سے آنے والی اتحاد ایئرویز کی پرواز پرواز باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اتری۔
بیان کے مطابق اتحاد ایئرویز کی پرواز ای وائی 276 آج ابوظبی سے پشاور پہنچی اور ایئرپورٹ حکام کی جانب سے روایتی واٹر سیلیوٹ کے ساتھ اس کا استقبال کیا گیا، یہ 2014 کے بعد اتحاد ایئرویز کی پہلی پرواز تھی جو پشاور میں اتری۔
بیان میں کہا گیا کہا کہ ’اتحاد ایئرویز اب ہفتے میں پانچ پروازیں بروز پیر، منگل، جمعرات، جمعہ اور اتوار کو ابوظبی اور پشاور کے درمیان چلائے گی جبکہ پشاور سے صبح 8 بجے پرواز ای وائی 277 روانہ ہوگی۔
مزید کہا گیا کہ ’یہ نئی پروازیں مسافروں کو زیادہ سہولت، بہتر انتخاب اور عالمی رابطوں میں اضافہ فراہم کرتی ہیں، جو پی اے اے کے محفوظ، مؤثر اور عالمی معیار کی ایئرپورٹ آپریشنز کے عزم کو ظاہر کرتی ہیں۔‘
اتحاد اس سال پشاور کے لیے پروازیں شروع کرنے والی تیسری بین الاقوامی ایئرلائن ہے۔
واضح رہے کہ اگست میں کم لاگت والی سعودی ایئرلائن فلائی اے ڈیل نے پاکستان میں اپنی سرگرمیاں بڑھاتے ہوئے اسلام آباد اور پشاور کے لیے پہلی پروازیں شروع کی تھیں، سعودی ایئرلائن کا ریاض سے آنے والا طیارہ صبح 6 بج کر 8 منٹ پر پشاور پہنچا تھا جس میں 65 مسافر سوار تھے اور اس کا استقبال بھی روایتی واٹر سیلیوٹ سے کیا گیا تھا۔
مئی میں اماراتی ایئرلائن فلائی دبئی نے باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اپنی پروازیں شروع کی تھیں، اور دبئی سے آنے والی پرواز ایف زیڈ 375 پہنچی، اس افتتاحی پرواز میں 164 مسافر سوار تھے اور اس کا بھی جشن مناتے ہوئے واٹر کینن سیلیوٹ سے استقبال کیا گیا تھا۔
اس موقع پر کیک کاٹنے کی تقریب بھی منعقد ہوئی تھی، جس میں سینئر حکام، ایئرپورٹ منیجر اور فلائی دبئی کے نمائندے شریک تھے۔