بھارتی جیل میں قید پاکستانی شہری واہگہ بارڈر کے راستے وطن واپس روانہ
نئی دہلی میں پاکستان ہائی کمیشن کے مطابق بھارت میں قید ایک پاکستانی شہری راقیب بلال کو اٹاری-واہگہ بارڈر کے ذریعے وطن واپس روانہ کر دیا گیا۔
ہائی کمیشن نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ حکومت کے وژن کے مطابق (ہائی کمیشن) بھارتی جیلوں میں موجود تمام پاکستانی قیدیوں کی واپسی کے لیے ہر ممکن کوشش جاری رکھے گا۔
ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے ڈان ڈاٹ کام کو اس پیش رفت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ بھارت میں قید ایک پاکستانی شہری کو رہا کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ جولائی میں اسلام آباد اور نئی دہلی کی وزارت خارجہ نے ایک دوسرے کے ملکوں میں موجود قیدیوں کی فہرستوں کا تبادلہ کیا تھا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق حکومت پاکستان نے 246 بھارتی قیدیوں کی فہرست ہائی کمیشن اسلام آباد کے نمائندے کے حوالے کی تھی، جن میں 53 سویلین قیدی اور 193 ماہی گیر شامل تھے۔
دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت نے 463 پاکستانی قیدیوں کی فہرست پاکستان کے ہائی کمیشن کے ساتھ شیئر کی، جن میں 382 سویلین قیدی اور 81 ماہی گیر شامل ہیں۔
مئی وزارت خارجہ نے قومی اسمبلی کو آگاہ کیا تھا کہ دنیا بھر میں مجموعی طور پر 23 ہزار 456 پاکستانی قید ہیں، جن میں سب سے زیادہ تعداد 12 ہزار 156 سعودی عرب میں قید پاکستانیوں کی ہے۔
ایوان زیریں میں وقفہ سوالات کے دوران وزارت خارجہ نے قونصلر رسائی حاصل کرنے اور قیدیوں کی وطن واپسی کو آسان بنانے کے لیے حکومت کی کوششوں کی تفصیلات پیش کی تھیں، تحریری جواب میں وزارت نے کہا تھا کہ متحدہ عرب امارات میں 5 ہزار 292 پاکستانی قید ہیں، یہ کسی بھی ملک میں قید پاکستانیوں کی دوسری بڑی تعداد ہے۔