راولپنڈی: ڈکیتی وقتل کیس، 2 ملزمان کو عمرقید، مقتول کے ورثا کو 10 لاکھ ادا کرنے کا حکم
راولپنڈی کی مقامی عدالت نے ڈکیتی وقتل کیس میں مجرمان اسحٰق اور وقاص خان کو عمر قید کی سزائیں سنادی اور مقتول کے ورثا کو 10 لاکھ روپے ہرجانہ ادا کرنے کا بھی حکم دیا۔
ڈان نیوز کے مطابق ایڈیشنل سیشن جج مظفر نواز ملک نے ڈکیتی اور قتل کے مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے مجرمان اسحٰق اور وقاص خان کو عمر قید کی سزا سنا دی۔
عدالت نے دونوں مجرمان کو مجموعی طور پر عمر قید اور 10،10 سال قید، 10 لاکھ روپے ہرجانہ اور 4 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی۔
فیصلے کے مطابق مجرمان نے اپریل 2024 میں تھانہ صدرواہ کی حدود میں ڈکیتی کے دوران سیکیورٹی گارڈ اصغر اللہ کو قتل کیا تھا۔
عدالت نے قتل کی دفعہ میں دونوں مجرمان کو عمر قید اور 5،5 لاکھ روپے ہرجانہ جب کہ ڈکیتی کی دفعہ میں 10،10 سال قید اور 2،2 لاکھ روپے جرمانہ کی سزا سنائی۔
علاوہ ازیں، عدالت نے مقتول کے ورثا کو دونوں مجرمان کی جانب سے مجموعی طور پر 10 لاکھ روپے ہرجانہ ادا کرنے کا بھی حکم دیا گیا۔