پاکستان نے کامیابی سے یورو بانڈز کے 50 کروڑ ڈالر کی ادائیگی کردی
پاکستان نے شیڈول کے مطابق گزشتہ روز یورو بانڈز کے 50 کروڑ ڈالر کی ادائیگی کر دی، وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ شیڈول کے مطابق پاکستان نے 30 ستمبر کو رقم ادا کی، پاکستان نے 2015 میں یورو بانڈز جاری کیا تھا۔
وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ پاکستان کی جانب سے بر وقت قرضوں کی ادائیگی مالیاتی نظم وضبط کی عکاسی کرتی ہے، یہ ادائیگی ایسے وقت پر کی گئی ہے جب زرمبادلہ کے ذخائر مستحکم ہیں۔
پاکستان کی ساورن ریٹنگ کو اپ گریڈ کیا گیا ہے، پاکستان کے بانڈز پر سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھ رہا ہے۔
وزارت خزانہ کے مطابق جی ڈی پی کے لحاظ سے قرضے مالی سال 20-2019 میں 77 فیصد تھے، جو مالی سال 25-2024 میں کم ہوکر 70 فیصد پر آگئے۔
وزارت کا کہنا ہے کہ گزشتہ مالی سال مجموعی قرضوں میں بیرونی قرض کا حصہ 38 فیصد سے کم ہوکر 30 فیصد پر آگیا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان نے رواں مالی سال کے دوران یورو بانڈز کی مد میں مجموعی طور پر ایک ارب 80 کروڑ ڈالر کی ادائیگی کرنی ہے۔
گزشتہ روز رپورٹ سامنے آئی تھی کہ پاکستان نے انٹرنیشنل کیپٹل مارکیٹ میں واپسی کے اقدامات کے تحت بانڈز کے اجرا سے تقریبا 40 کروڑ ڈالر حاصل کرنے کا ہدف مقرر کردیا، یہ قرضہ چینی مارکیٹ میں پانڈا بانڈز اور انٹرنیشنل کیپٹل مارکیٹ میں پائیدار بانڈز جاری کرنے سےحاصل کیا جائے گا۔
وزارت خزانہ کی دستاویز کے مطابق حکومت تقریبا 40 کروڑ ڈالر بانڈز کے اجرا سے حاصل کرنا چاہتی ہے، حکومت کا پانڈا بانڈز چینی کیپٹل مارکیٹ اور پائیدار بانڈز انٹرنیشنل کیپٹل مارکیٹ میں جاری کرنے کا ارادہ ہے۔
دستاویز کے مطابق پاکستان رواں مالی سال 26-2025 کے دوران یورو بانڈز کی مد میں مجموعی طور پر ایک ارب 80 کروڑ ڈالر کی ادائیگی بھی کرے گا۔