بھتیجے کو قتل کرنے والے ملزم کی پولیس پر فائرنگ، 2 افراد جاں بحق، 2 اہلکار زخمی
راولپنڈی میں اپنے بھتیجے کو قتل کرنے والے ملزم نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق اور 2 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔
ڈان نیوز کے مطابق ملزم کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے دونوں افراد پولیس کے ہمراہ ملزمان کی نشاندہی کے لیے گئے تھے، ملزمان گھر کی چھت پر چھپے تھے جنہوں نے پولیس پارٹی کو دیکھتے ہی فائرنگ کردی۔
فائرنگ کے نتیجے میں ملزمان کی شناخت کے لیے آنے والے دونوں افراد جاں بحق ہوگئے اور اس دوران 2 پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔
زخمی ہونے والے اہلکاروں میں پولیس انسپکٹر مرزا عارف اور کانسٹیبل نعمت اللہ شامل ہیں، جنہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
واضح رہے کہ 29 ستمبر 2025 کو راولپنڈی میں نالہ لئی محلہ صفدرآباد کے رہائشی کی جانب سے تھانہ پیر دھائی میں علی واجد نامی شہری نے اپنے بھائی کے قتل کی ایف آئی آر درج کروائی۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق میں تقریباً رات 8 بجے اپنے بھائی احتشام واجد کے ہمراہ چاچا کے مال مویشی کے ڈیرے پر گیا جہاں بھائی اور چاچا کے درمیان پیسوں کو لے کر تکرار ہوئی اس دوران چاچا نے میرے بھائی کے سر پر ہتوڑے مارے اور بعد ازاں ٹوکے سے گلے کی شہہ رگ کاٹ دی جس سے وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔