حکومت نے گدھوں کی کھالیں برآمد کرنے کی اجازت دے دی
وفاقی حکومت نے گدھوں کی کھالوں کی برآمد پر عائد پابندی اٹھالی،گدھوں کی کھالوں کی مشروط طور پر برآمد کی اجازت دے دی گئی، صرف گوادرفری زون میں منظور شدہ اوررجسٹرڈ مذبح خانوں سےحاصل کی گئی گدھوں کی کھالیں برآمد کرنے کی اجازت ہو گی۔
تفصیلات کے مطابق وزارت تجارت نے گدھوں کی کھالوں کی برآمد کی اجازت دینے کا نوٹی فکیشن جاری کر دیا، گدھوں کی کھالوں کی برآمد پر 2015 پر عائد پابندی کا فیصلہ واپس لیا گیا ہے۔
ای سی سی نے 3 ستمبر 2015 کو گدھوں کی کھالوں کی برآمد پر پابندی عائد کی تھی، حکام کے مطابق چین کے ساتھ گدھے کے گوشت اور کھالوں دونوں کے لیے برآمدی پروٹوکولز موجود ہیں، ان پروٹوکولز کے تحت سخت سرکاری نگرانی کی جائے گی، صرف منظور شدہ افزائشی فارموں کے گدھوں کو استعمال کیا جائے گا، اسی طرح تمام کارروائیوں کو قریب سے منظم کیا جائے گا۔
وزارت نیشنل فوڈ سیکیورٹی گدھے کے گوشت اور کھالوں کو ٹھکانے لگانے کے امور دیکھے گی۔
حکام کے مطابق وفاقی حکومت نے2015 میں گدھے کی کھالوں کی برآمدات میں تیزی اور اس سے منسلک غیر قانونی، بے رحمانہ ذبح کرنے کے طریقوں، مقامی مارکیٹوں میں گدھے کے گوشت کو گائے کے گوشت کے طور پر غیر قانونی فروخت کی رپورٹس کو مد نظر رکھتے ہوئے گدھے کی کھالوں کی برآمد پر پابندی عائد کی تھی۔