لاہور کے مختلف علاقوں میں اینٹی اسموگ گنز کا باقاعدہ استعمال شروع
لاہور کے مختلف علاقوں میں اینٹی اسموگ گنز کا باقاعدہ استعمال شروع ہو گیا ہے، جس کا مقصد فضا میں موجود دھول اور آلودگی کو کم کرنا اور شہریوں کی صحت بہتر بنانا ہے۔
ڈان اخبار میں شائع رپورٹ کے مطابق پنجاب حکومت نے اینٹی اسموگ گن ٹیکنالوجی متعارف کروادی ہے۔
سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا کہ لاہور کے مختلف علاقوں میں اینٹی اسموگ گنز کا باقاعدہ استعمال شروع ہوگیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اے آئی سے منسلک جدید ماحولیاتی نظام کی مدد سے اینٹی اسموگ گن کی مؤثریت کا بھی جائزہ لیا گیا ہے۔
صوبے کے مختلف علاقوں میں اسموگ کے مسئلے کو کنٹرول کرنے کے لیے جدید مشینری کے ساتھ دیگر اقدامات بھی متعارف کرائے گئے ہیں۔
اس جدید مشین کے ذریعے ہوا میں پانی کے باریک ذرات چھڑکے جاتے ہیں تاکہ اسموگ سے مقابلہ کیا جا سکے، پانی کی یہ باریک دھند فضا میں موجود آلودگی اور دھول کے ذرات کو صاف کرنے میں مدد دیتی ہے، یہ جدید مشینری چین، بھارت اور دیگر ممالک میں بھی اسموگ کو کم کرنے کے لیے استعمال کی جا رہی ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ مقامی طور پر 15 اینٹی اسموگ گنز تیار کی گئی ہیں، جو اب باقاعدہ استعمال میں ہیں، مزید پانچ اینٹی اسموگ گنز کی تیاری کی جارہی ہے، اینٹی اسموگ گنز کے ساتھ ایک پانی صاف کرنے کا نظام بھی منسلک ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہر اینٹی اسموگ گن کو 16 ہزار لیٹر کے پانی کے ٹینک سے منسلک کیا گیا ہے، اینٹی اسموگ گنز سانس اور پھیپھڑوں کی بیماریوں کو کم کرنے میں بھی مددگار ثابت ہوں گی۔