کھیل

پاکستان وہیل چیئر کرکٹ ٹیم کی شاندار کامیابی، افغانستان کےخلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز جیت لی

محمد فیاض کو سیریز میں آل راؤنڈ پرفارمنس پر مین آف دی ٹورنامنٹ اور گوہر آفریدی کو زبردست اننگز کھیلنے پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

پاکستان وہیل چیئر کرکٹ ٹیم نے گوہر آفریدی اور اسامہ طارق کی شاندار نصف سنچریوں کی بدولت افغانستان کو چوتھے اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ میں 9 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 1-3 سے اپنے نام کرلی۔

یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس کراچی میں کھیلے گئے میچ میں افغانستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 155 رنز بنائے۔

جابر صافی نے 38 رنز کی نمایاں اننگز کھیلی جبکہ زر عالم 23 اور رحیم اللہ 14 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ پاکستان کے محمد فیاض نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ ایوب اور احمد یار نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

ہدف کے تعاقب میں پاکستان نے جارحانہ آغاز کرتے ہوئے محض 14.4 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 156 رنز بنا کر فتح حاصل کرلی۔

گوہر آفریدی نے صرف 41 گیندوں پر 64 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جس میں 14 چوکے شامل تھے جبکہ اسامہ طارق بھی 60 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔ محمد فیاض نے 24 رنز اسکور کیے۔ افغانستان کی جانب سے میر اکبر واحد کامیاب باؤلر رہے۔

محمد فیاض کو سیریز میں آل راؤنڈ پرفارمنس پر مین آف دی ٹورنامنٹ اور گوہر آفریدی کو زبردست اننگز کھیلنے پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

تقسیم انعامات کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان وہیل چیئر کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد ذیشان نے سیریز کی کامیابی کو پاک فوج اور شہدا کے نام کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ فتح اُن جوانوں کے نام ہے جنہوں نے وطن عزیز کی حفاظت کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، وہی ہیں جن کی بدولت ہم سکون سے سوتے ہیں جبکہ وہ جاگ کر ہماری حفاظت کرتے ہیں، دشمن کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر وہ اپنی جان اور اپنے اہلِ خانہ کی پروا کیے بغیر قربانیاں دیتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ کامیابی دراصل وہیل چیئر کرکٹ کی جیت ہے، ہم نے افغانستان کرکٹ کے فروغ کے لیے بھی بھرپور تعاون کیا، جس کے نتیجے میں افغان وہیل چیئر کرکٹ ٹیم پاکستان کا دورہ کرنے میں کامیاب ہوئی۔

اس موقع پر افغانستان کرکٹ ٹیم کے کپتان منصور عادل نے کہا کہ پاکستان میں پہلی بار انٹرنیشنل سیریز کھیلنے پر ہمیں بے حد خوشی ہوئی، ہمارے کھلاڑیوں نے بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ کرکٹ کھیلی اور امید ہے کہ ایشیا کپ میں بھی بہتر پرفارم کریں گے۔

انہوں نے پاکستان وہیل چیئر کرکٹ کونسل اور مینجمنٹ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی میزبانی اور مہمان نوازی نے ہمیں بے حد متاثر کیا، جس پر ہم تہہ دل سے مشکور ہیں۔