سندھ ایمپلائز الائنس کے وفد کی چیف سیکریٹری سے ملاقات، احتجاج ختم کرنے کا اعلان
سندھ ایمپلائز الائنس کے وفد نے چیف سیکریٹری سندھ سے ملاقات کے بعد 6 اکتوبر کو طے شدہ دھرنا مؤخر اور احتجاج ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔
حاجی اشرف خاصخیلی کی قیادت میں سندھ ایمپلائز الائنس کے 8 رکنی وفد نے سندھ سیکریٹریٹ میں چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ سے ملاقات کی۔
اجلاس میں سیکریٹری اسکول ایجوکیشن، سیکریٹری فنانس، سیکریٹری جنرل ایڈمنسٹریشن اور ڈپٹی کمشنر ساؤتھ نے بھی شرکت کی۔
یہ ملاقات چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی خصوصی ہدایت پر منعقد ہوئی۔
اجلاس میں سرکاری ملازمین کو درپیش مسائل پر تفصیلی بات چیت ہوئی، خاص طور پر پنشن اصلاحات، ڈی آر اے الاؤنس، گروپ انشورنس اور دیگر متعلقہ مطالبات پر غور کیا گیا۔
دوران گفتگو چیف سیکریٹری سندھ نے وزیر اعلیٰ سندھ سے رابطہ کیا اور ملازمین کے خدشات سے انہیں آگاہ کیا، مراد علی شاہ نے یقین دہانی کرائی کہ یہ معاملہ پیر کو ہونے والے کابینہ اجلاس کے ایجنڈے میں شامل کیا جائے گا۔
اس مثبت پیشرفت کے بعد سندھ ایمپلائز الائنس نے 6 اکتوبر کو طے شدہ دھرنا مؤخر کرنے اور احتجاج ختم کرنے کا اعلان کر دیا، الائنس کے چیئرمین حاجی اشرف خاصخیلی نے اعلان کیا کہ کل سے تمام ملازمین اپنی ڈیوٹی دوبارہ شروع کریں گے اور اپنے دفاتر میں رپورٹ کریں گے۔
اس حوالے سے ایک اعلیٰ سطح کی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جس میں جنرل ایڈمنسٹریشن، فنانس، اسکول ایجوکیشن اور لاء کے سیکریٹریز کے ساتھ ساتھ سندھ ایمپلائز الائنس کے چار نمائندے شامل ہوں گے، یہ کمیٹی حکومتِ سندھ کو پیش کرنے کے لیے باہمی طور پر قابل قبول اور عملی سفارشات تیار کرے گی۔
چیف سیکریٹری سندھ آصف حیدر شاہ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سندھ حکومت اپنے ملازمین کے جائز مسائل حل کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’چیف سیکریٹری کی حیثیت سے میری ذمہ داری ہے کہ ملازمین کے جائز مسائل حکومت کے سامنے رکھوں اور تعمیری حل کو یقینی بناؤں۔‘
بعدازاں سروسز جنرل ایڈمنسٹریشن اینڈ کوآرڈینیشن ڈیپارٹمنٹ نے سندھ کابینہ کے آئندہ اجلاس کا ایجنڈا جاری کیا، جس میں سندھ ایمپلائز الائنس کی جانب سے اٹھائے گئے معاملات شامل ہیں۔
ایجنڈے میں بنیادی مسائل جیسے تنخواہیں اور ڈی آر اے، گروپ انشورنس اور بینیوولنٹ فنڈ، نیز پنشن اصلاحات شامل ہیں، یہ معاملات سندھ کابینہ کے اجلاس میں تفصیل سے زیر غور آئیں گے۔