پاکستان کو اندرونی و بیرونی چیلنجز درپیش، فیلڈ مارشل کی حکمت عملی سےجنگ میں کامیابی ملی، مریم نواز
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نےکہا ہے کہ پاکستان کو اندرونی اور بیرونی چیلنجز کاسامنا ہے، جبکہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی بہترین حکمت عملی کی بدولت جنگ میں کامیابی ملی۔
ڈان نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لاہور میں ’قومی سلامتی اور جنگی کورس‘ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئےکہا کہ کورس میں شریک غیر ملکی شرکا اپنے ملکوں کے سفیر ہیں، مشترکہ تربیتی کورس سے باہمی تعلقات مضبوط ہوں گے، پاکستان نے آپریشن بنیان مرصوص میں تاریخی کامیابی حاصل کی۔
مریم نواز شریف نے کہا پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت پر فخر ہے، درپیش چیلنجز سے مل کر نمٹا جا سکتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان جغرافیائی لحاظ سے خطے کا اہم ملک ہے، پاکستان کو اندرونی اور بیرونی چیلنجز کا سامنا ہے، گڈ گورننس، درست پالیسیاں اور سخت محنت ہماری ترجیح ہونی چاہیے۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ گڈگورننس سے عوامی مسائل کا حل ممکن ہے، عوام کو بہترین سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح، بے لوث اور بلاتفریق خدمت میرا مشن ہے۔
حالیہ سیلاب کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نےکہا کہ پنجاب میں ملکی تاریخ کے بدترین سیلاب کا سامنا کرنا پڑا، اس دوران ہم نے ایک بڑا ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن کیا، متاثرہ علاقوں میں صوبائی کابینہ اور انتظامیہ نے ایک ٹیم بن کر کام کیا، سیلاب سے متاثرہ علاقوں سے 25لاکھ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔