کھیل

آزربائیجان: بیلاروس اور ترکمانستان کے پہلوانوں کو شکست، پاکستانی عبد الرحمٰن نے برانز میڈل جیت لیا

ہمارے ریسلرز نے اعتماد پر پورا اترتے ہوئے میڈل جیت کر ثابت کر دیا کہ پاکستان کے پہلوان دنیا بھر میں بہترین کارکردگی دکھانے کی صلاحیت رکھتے ہیں، صدر پاکستان ریسلنگ فیڈریشن

آزر بائیجان میں ہونیوالے ایونٹ میں پاکستان کے محمد عبد الرحمٰن نے 65 کلوگرام کیٹیگری میں شاندار مقابلے کرتے ہوئے بیلاروس اور ترکمانستان کے پہلوانوں کو شکست دے کر پاکستان کے لیے برانز میڈل جیتا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان نے ’سی آئی ایس گیمز 2025‘ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ریسلنگ میں برانز میڈل حاصل کیا، یہ کامیابی پاکستان کے لیے عالمی سطح پر ریسلنگ کے میدان میں ایک نمایاں سنگِ میل ہے۔

اس ایونٹ میں دنیا کے ٹاپ ریسلنگ ممالک روس، بیلاروس، آزربایجان، ازبکستان اور ترکمانستان شریک تھے۔

محمد عبد الرحمٰن نے 65 کلوگرام کیٹیگری میں شاندار مقابلے کرتے ہوئے بیلاروس اور ترکمانستان کے پہلوانوں کو شکست دے کر پاکستان کے لیے برانز میڈل جیتا۔

صدر پاکستان ریسلنگ فیڈریشن ارشد ستار کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم دل کی گہرائیوں سے پاکستان اسپورٹس بورڈ کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے تمام کھیلوں میں سے ریسلنگ کو ترجیح دی۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے ریسلرز نے بھی اس اعتماد پر پورا اترتے ہوئے میڈل جیت کر ثابت کر دیا کہ پاکستان کے پہلوان دنیا بھر میں بہترین کارکردگی دکھانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

ادھر، جنرل سیکریٹری انعام بٹ نے بھی کوچ فرید علی، پہلوان محمد عبد الرحمٰن اور ان کی فیملی کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ریسلنگ فیڈریشن کا فوکس ہماری یوتھ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم آئندہ ایشین یوتھ گیمز میں بھی ملک و قوم کا نام مزید روشن کریں گے۔