پیپلزپارٹی نے سیلاب پر کوئی سیاست نہیں کی، گورنر پنجاب
گورنر پنجاب سلیم حیدر نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی نے سیلاب پر کوئی سیاست نہیں کی بلکہ بلاول بھٹو زرداری نے تو پنجاب کے سیلاب زدہ علاقوں کے دورے پر وزیراعلیٰ مریم نواز کی تعریف کی۔
لاہور میں گورنر سردار سلیم حیدر سے پنجاب میں ٹریننگ پر آئے سندھ پولیس افسران کے وفد نے ملاقات کی۔
گورنر سردار سلیم حیدر خان نے واضح کیا کہ کچے کے علاقوں میں ڈاکوؤں کا خاتمہ کرنے کے لیے پنجاب اور سندھ پولیس کو مل کر کارروائی کرنا ہوگی۔
انہوں نے باور کرایا کہ پولیس نے شہریوں کو امن و امان اور محفوظ ماحول دینے کے لئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے، پولیس کے شہید جوانوں کی قربانیوں کو نہیں بھول سکتے ۔
گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہونی چاہئے، پولیس کے دروازے غریب اور عام انسان کے لئے ہر وقت کھلے رہنے چاہئیں جب کہ پولیس کو سیاست سے بالا تر ہو کر عوامی منشور پر عمل پیرا رہنا چاہئے۔
انہوں نے نشاندہی کی کہ کہا پنجاب ایک بڑا صوبہ ہے، ایسے مین جرائم کی شرح میں کمی آنا پنجاب پولیس کی بڑی کامیابی ہے جب کہ پولیس اور سیکورٹی فورسز کے واحد ادارے ہیں جو ملک اور ہماری خفاظت کیلئے اپنی جان دینے کا وعدہ بھی کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سائنس اور ٹیکنالوجی کے دور میں مجرموں کو پکڑنا بہت آسان ہو گیا ہے۔
مزید کہا کہ پولیس کا امیج وقت کے ساتھ ساتھ بہتر ہوگیا ہے، پولیس کے پولیس کے افسران اور جوانوں کی تنخواہوں میں اضافہ وقت کی اہم ضرورت ہے جب کہ محکمہ پولیس میں خواتین کا کردار قابل ستائش ہے۔
سلیم حیدر خان نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے اپنے دور اقتدار میں پولیس سمیت سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پینش میں خاطر خواہ اضافہ کیا، خواتین محکمہ پولیس سمیت ایئرفورس، سکیورٹی اداروں اور زندگی کے دیگر شعبوں میں بھی اپنا لوہا منوارہی ہیں۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ پیپلزپارٹی ایک وفاقی اور عوامی جماعت ہے جو نہ صرف پنجاب بلکہ سندھ، بلوچستان، خیبرپختونخوا سمیت پورے پاکستان میں بھرپور نمائندگی رکھتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی نے ایک صوبے کی نہیں بلکہ پورے پاکستان کی بہتری، اور ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھایا۔
سردار سلیم حیدر خان نے واضح کیا ہے کہ جمہوریت میں سب کو مل کر آگے چلنا ہوتا ہے، کوئی بھی چیز حرف آخر نہیں ہوتی اور سب کی مشاورت سے بہتری ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے سیلاب پر کوئی سیاست نہیں کی بلکہ چئیرمین بلاول بھٹو نے پنجاب کے سیلاب زدہ علاقوں کے دورے پر وزیراعلی مریم نواز کی تعریف کی تھی۔