الیکٹرانک نکوٹین فراہمی کے نظام کی ریگولیشن کا نجی بل سینیٹ سیکریٹریٹ میں جمع
سینیٹ سیکریٹریٹ میں الیکٹرانک نکوٹین فراہمی کے نظام کی ریگولیشن کا نجی بل جمع کرادیا گیا۔
سینیٹر سرمد علی نے الیکٹرانک نیکوٹین فراہمی کے نظام کی ریگولیشن کا نجی بل سینیٹ سیکریٹریٹ میں جمع کرادیا ، مجوزہ بل کے متن کے مطابق الیکٹرانک نکوٹین سے مراد کوئی بھی بیٹری سے چلنے والا آلہ ہے جس میں نکوٹین، بخارات ہوں جو سانس لینے میں استعمال ہو۔
بل کے مطابق الیکٹرانک نکوٹین کاپیکٹ ایسا ہوگا جس سے کوئی چھیڑ چھاڑ نہ کرے اور جو بچوں کی پہنچ سے دور ہو، الیکٹرانک نکوٹین کے اجزا پیکٹ پر درج ہوں گے، پیکٹ پر درج ہو گا کہ وہ 18 سال سے کم عمر کے لیے نہیں ہے، پیکٹ پر یہ بھی درج ہو گا کہ اس میں شامل اجزا نشہ آور ہیں۔
مجوزہ بل کے مطابق الیکٹرونک نکوٹین اس وقت تک فروخت نہیں ہو گی جب تک وہ پاکستان اسٹینڈرڈ اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی کے معیار پر پورا نہ اترے، کوئی شخص قانون کی ضروریات پوری کیے بغیر الیکٹرونک نکوٹین امپورٹ،تیار، فروخت نہیں کرے گا۔
بل میں مزید کہا گیا ہے کہ الیکٹرونک نکوٹین کے اشتہار، فروغ اور اسپانسرشپ پر ممانعت ہو گی، کسی بل بورڑ، پرنٹ یا الیکٹرانک میڈیا پر الیکٹرونک نکوٹین کی تشہیر نہیں ہوگی،جو ان کی خلاف ورزی کرے گا اسے پچاس ہزار جرمانہ ہوگا، جرم دہرانے پر ایک لاکھ روپے جرمانہ ہوگا۔
الیکٹرونک نکوٹین کی آن لائن تجارت کی اجازت ہو گی اگر یقینی بنایا جائے کہ وہ 18 سال سے کم عمر کی رسائی میں نہیں ہے، الیکٹرونک نکوٹین کے عوامی مقامات پر استعمال پر پابندی ہوگی، پبلک ٹرانسپورٹ میں الیکٹرونک نکوٹین کے استعمال پر پابندی ہوگی۔
بل میں کہا گیا ہے کہ اٹھارہ سال سے کم عمر کو الیکٹرونک نکوٹین مصنوعات نہ فروخت کی جائے گی نہ دی جائے گی، الیکٹرونک نکوٹین فروخت کرنے والا آویزاں کرے گا کہ 18 سال سے کم عمر کے لیے یہ ممنوع ہے۔
بل میں مزید کہا گیا ہے کہ کوئی بھی الیکٹرونک نکوٹین کو تعلیمی ادارے کی 50 میٹر حدود میں فروخت نہیں کرے گا،جو شخص ان ہدایات خلاف ورزی کرے گا اسے دو لاکھ روپے جرمانہ ہو گا اور جرم دہرانے پر پانچ لاکھ روپے جرمانہ ہوگا۔