پاکستان

پیپلز پارٹی کی حمایت سے حکومت بنی، ہمارے بغیر سسٹم نہیں چل سکتا، گورنر پنجاب

ملکی نظام میں بہتری کے لئے (ن) لیگ کا ساتھ دیا اگر قربانی کو تسلیم نہیں کیا جائے گا تو قیادت سے دراخوست ہے جیالوں کی امنگوں کے مطابق فیصلہ کریں، سلیم حیدر خان کا تقریب سے خطاب

گورنرپنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی حمایت سے حکومت بنی اور ہم نے نظام میں بہتری کے لیے مسلم لیگ (ن) کا ساتھ دیا، اب اگر وہ نمبر پورے بھی کرلے تو پیپلزپارٹی کے بغیر یہ سسٹم نہیں چل سکتا۔

چرچ آف پاکستان کے زیر اہتمام سیلاب متاثرین میں ریلیف پیکج تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنرپنجاب کا کہنا تھا کہ آج کے دن تک بہت سے علاقے سیلاب میں ڈوبے ہوئے ہیں، اللہ تعالیٰ کی طرف سے مشکل آئی، جس سے ہم سب نے مل کر نکلنا ہے۔

انہوں نے مسلم لیگ (ن) کی قیادت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آفات ہمارے لیے امتحان ہوتے ہیں، اس میں سیاست کو نہیں لانا چاہے، خود سہولیات مل رہی ہوں تو انسان مشکل والے کے دکھ کو محسوس نہیں کرسکتا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں آپس میں جھگڑا نہیں کرنا چاہیے اور یہ نہیں سمجھنا چاہیے سارا کچھ میں ہوں، اداروں میں خرابیوں کی وجہ سے سروے میرٹ پر نہیں ہوسکے جس کی وجہ سے لوگوں کو تکلیف کا سامنا ہے۔

سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ ملکی نظام میں بہتری کے لیے مسلم لیگ (ن)کا ساتھ دیا اور حکومت میں شامل ہونے کا فیصلہ کیا، اگر قربانی کو تسلیم نہیں کیا جائےگا تو قیادت سے دراخوست ہے کہ جیالوں کی امنگوں کے مطابق فیصلہ کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کے کارکن پہلے بھی (ن) لیگ سے اتحاد میں خوش نہیں تھے، انتخابات کے بعد ہم نے پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ ملکر حکومت بنانے کی کوشش کی مگر انہوں نے ساتھ نہیں دیا۔

مزید کہا کہ اب پی ٹی آئی نے ساتھ دینے کا اعلان تو کر دیا، مگر بے اعتبار جماعت کی وجہ سے یہ مشکل فیصلہ ہے، یہ بھی کہا اگر مسلم لیگ (ن) نمبر بھی پورے کرلے تو بھی یہ سسٹم پیپلزپارٹی کے بغیر نہیں چل سکتا۔