غلط تصویر چلانے پر سابق کپتان وسیم اکرم کی بھارتی میڈیا پر کڑی تنقید
سابق کپتان وسیم اکرم نے بھارتی میڈیا کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا ہے کہ ایک مبینہ جاسوس کو پکڑنے کے بعد میرا نام لیا جا رہا ہے، جو کہ سرا سر غلط ہے۔
سماجی رابطے کی سائٹ ’ایکس‘ پر ایک ویڈیو میں سابق کپتان وسیم اکرم نے کہا کہ ’ایک مفت کا مشورہ دے رہا ہوں، حالانکہ میں دیتا نہیں ہوں، ہر کوئی جس کا اکاؤنٹ وسیم اکرم کے نام سے ہے، وہ وسیم اکرم نہیں ہے، اگر آپ اتنے ہی ہوشیار ہیں تو ڈبل چیک کر لیا کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمسایہ ملک میں ایک مبینہ جاسوس پکڑا گیا تھا، جو کہ میرا ہم نام ہے، جس پر نیوز چینلز میری فوٹو لگا دی۔
پنجابی زبان میں مزید گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کون لوگ ہو تُسی، کتھوں آئے ہو، کوئی چیک نہیں، کوئی بیلنس نہیں، کمنٹ پر کمنٹ پر کر رہے ہیں، یہ اندازہ ہی نہیں لگا رہے کہ وہ میرا اکاؤنٹ نہیں ہے۔
وسیم اکرم نے کہا کہ بلاوجہ اپنی جان پر عذاب نہ ڈالیں، پرسکون رہیں اور پہلے تصدیق کر لیا کریں۔
واضح رہے کہ بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ہریانہ کے ضلع پلول کی پولیس نے 2 اکتوبر کو وسیم اکرم نامی یوٹیوبر کو مبینہ جاسوسی کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔