پاکستان

سہیل آفریدی کی بطور وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نامزدگی پر خیبر میں جشن، آتشبازی

ورکرکو الیکشن میں ٹکٹ پھرمشیر و وزیر بنانا اور اب وزیراعلیٰ بننے پر بانی پی ٹی آئی عمران خان کے مشکور ہیں، کارکنان

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما سہیل آفریدی کی بطور وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نامزدگی پر خیبر میں آتشبازی اور جشن منایا گیا۔

ڈان نیوز کے مطابق تاریخی باب خیبر کے مقام پر سہیل آفریدی کی بطور وزیراعلیٰ نامزدگی پر آتشبازی کا مظاہرہ کیا گیا۔

پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان نے اس خوشی میں آتشبازی کی، کارکنان کا کہنا تھا کہ بطور وزیراعلیٰ نامزدگی پورے خیبر کے لیے اعزاز ہے۔

کارکنان نے کہا کہ ورکرکو الیکشن میں ٹکٹ پھرمشیر و وزیر بنانا اور اب وزیراعلیٰ بننے پر بانی پی ٹی آئی عمران خان کے مشکور ہیں۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ سہیل آفریدی قبائلی عوام و پختونخوا کے بہترین خدمت کریں گے۔

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے آج وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی تبدیلی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ علی امین گنڈا پور کی جگہ سہیل آفریدی وزیراعلیٰ کے امیدوار ہوں گے۔

سلمان اکرم راجا نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا تھا کہ علی امین گنڈاپور نے علیمہ خان پر سنگین الزامات لگائے تھے، انہوں نے علیمہ خان پرپارٹی میں تقسیم کاالزام عائد کیا تھا۔

پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو ہٹانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ علی امین گنڈا پور کی جگہ سہیل آفریدی وزیراعلیٰ ہوں گے۔

دریں اثنا، علی امین گنڈا پور نے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ عمران خان کے حکم پر وزارت اعلیٰ کے عہدے سے استعفیٰ دے رہا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ سہیل آفریدی کو میری مکمل حمایت اور سپورٹ حاصل ہوگی اور ہم عمران خان کی رہائی اور پارٹی پالیسی کے لیے ایک ہوکر آگے بڑھیں گے۔

سہیل آفریدی کون ہیں؟

خیبرپختونخوا کے نئے نامزد وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کا تعلق ضلع خیبر سے ہے اور انصاف اسٹوڈنٹس فیڈریشن کے صوبائی صدر رہ چکے ہے۔

سہیل آفریدی 2024 کے عام انتخابات میں پہلی بار ضلع خیبر سے رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے۔

اس کے علاوہ سہیل آفریدی علی امین گنڈا پور کی کابینہ میں بحثیت معاون خصوصی برائے موصلات ذمہ داریاں ادا کرچکے ہیں۔

تاہم، گزشتہ ہفتے صوبائی کابینہ میں تبدیلی کے بعد سہیل آفریدی کو معاون خصوصی سے صوبائی وزیر برائے اعلی تعلیم بنایا گیا تھا، وہ پی ٹی آئی کی مرکزی ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن بھی ہیں۔